• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے وفاقی بجٹ کی تیاریوں کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہےکہ حکومت آئندہ بجٹ میں عام آدمی کی ترقی اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور برآمدات میں اضافے کو بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔ جاری مالی سال کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو28.5فیصد تک بڑھی ہے جو گزشتہ دس سال میں سب سے زیادہ ہے اور آئندہ مالی سال میں اس کا ہدف 6فیصد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان میں صارفین کو عالمی معیار کے مطابق دودھ اور دوسری ڈیری مصنوعات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔وفاقی وزیر خزانہ نے بجٹ تجاویز کے حوالے سے تمام شراکت داروں سے تفصیلی ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بھی یہ خوشخبری سنائی ہے کہ صوبائی بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کی نئی اسکیمیں سامنے لائی جا رہی ہیں اور کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا۔ شہری اور دیہی علاقوں کی یکساں ترقی کی پالیسی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ جنوبی پنجاب کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے منصوبے بنائے گئے ہیں۔انہوں نے زرعی شعبےکی ترقی، کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور صوبے کے 40اسپتالوں میں اصلاحات کا بھی ذکر کیا جو قابل ستائش ہے۔ کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کی بات بہت اچھی ہے تاہم ماضی میں پرانے ٹیکسوں میں اضافے کا رجحان رہا ہے۔ جس سے عام آدمی مہنگائی کے بوجھ تلے دب جاتا ہے۔ سال بھر کے دوران وقتاًفوقتاًبجلی،گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے بھی ملک میں مہنگائی کا طوفان آتا ہے ۔تعلیم اور صحت اس قدر مہنگی ہو چکی ہے کہ غریب طبقے کی محرومیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ ٹیکسوں کا ہدف پورا ہونے اور ملاوٹ سے پاک اشیاءکی فروخت میں کرپشن کی لعنت رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ آئندہ بجٹ میں اس طرف سنجیدہ اقدام اٹھانے کی ضروت ہے۔

.
تازہ ترین