• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کی جانب سے ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے غلط ہیں، ترجمان پاک فوج

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارتی دعوے غلط ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر پاکستانی پوسٹ کو تباہ کرنے کے دعوے غلط ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کا دوسرا دعویٰ کہ پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر شہری علاقوں پر فائرنگ کی ہے، یہ بھی غلط ہیں۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ دعوؤں کے برعکس بھارتی فورسز نے 13 مئی کو بھمبر سیکٹر کی شہری آبادی کو بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا نشانہ بنایا جس سے جانی نقصان ہوا اور گھروں کو نقصان پہنچا۔ بیان کے مطابق بھارت کی اس مبینہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس سے ناصرف اس کا جانی نقصان ہوا بلکہ بھارتی فوج کی پوسٹوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پاک فوج کی جانب سے 13 مئی کو جوابی کارروائی میں بھارتی فورسز کی پوسٹیں تباہ کیے جانے سے متعلق ویڈیو بھی جاری کی گئی۔
تازہ ترین