• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”جیو تیز “ پر دیکھیں ”اھلاً و سھلاً رمضان“ کی خصوصی نشریات

کراچی (محمد ناصر) خبروں کی دوڑ میں سب سے آگے ”جیو ٹی وی نیٹ ورک“ کا مقبول چینل ”جیو تیز“ رمضان المبارک کی روح پرور ساعتوں کا لطف دوبالا کرنے کیلئے ”اھلاً و سھلاً رمضان“ کے نام سے خصوصی نشریات پیش کرے گا جو 12؍ گھنٹے تک جاری رہے گی۔  رحمتوں اور برکتوں کے مقدس مہینے میں اہل ایمان کے قلوب کو اسلام کی روشنی سے مزید منور کرنے کیلئے ”جیوتیز“ کی خوبصورت نشریات میں جو ایمان افروز پروگرام ترتیب دیئے ہیں اُن کا آغاز یکم رمضان سے ہوگا۔ احادیث مبارکہ انگریزی ترجمے کے ساتھ پروگرام ”Golden Saying“ میں پیش کی جائیں گی۔ منتخب احادیث اور اُن کا اُردو ترجمہ پروگرام ”میں بتاؤں“ میں نشر ہوگا۔ روز مرہ معمولات سے متعلق مسنون دُعائیں ”اِس وقت کی دُعا“ میں دکھائی جائیں گی۔ نماز کے خوبصورت الفاظ، معنی اور مقاصد ناظرین ”صلاح اِن فوکس“ میں دیکھیں گے۔ مسلم نوجوانوں کے مسائل اور قرآنی تعلیمات کے روشن حل ”یوتھ ڈائیلاگ“ میں پیش ہوں گے۔ قرآنی سورتوں کی تفسیروں میں ہمارے لئے کیا پیغامات ہیں یہ جاننے کیلئے ناظرین پروگرام ”DIVINE MIRACLE “دیکھیں گے۔ نفس کیا ہے، اس کی پاکیزگی کی اہمیت و ضرورت ”تذکیہ نفس“ میں دکھائی جائے گی۔ نمازِتراویح اور قیام الیل انگریزی ترجمے کے ساتھ نشر کی جائیں گی۔ بیماریوں کے مسنون علاج ناظرین پروگرام ”طب نبویﷺ“ میں دیکھ سکیں گے۔ اولاد کی پرورش و تربیت کے رہنما اسلامی اُصول ”ISLAMIC PARENTING“ میں پیش ہوں گے۔ ہر لفظ، ہر سطر، ہر پارہ، معجزہ اور ہر پارے کا خلاصہ آسان زبان میں ”فہمِ قرآن“ میں دکھایا جائے گا۔ خالق اور مخلوق میں محبت، آداب، حدود و فرائض کیلئے پروگرام ”اللہ کی پہچان اور محبت“ پیش ہوگا۔ قرآن مجید کی عظیم سورتیں سورة یاسین اور سورة الرحمٰن کی تفاسیر ”علم القرآن“ میں دکھائی جائیں گی۔ اسماءالحسنیٰ پر جاری پروگراموں کا سلسلہ اس رمضان نئی اقساط کے ساتھ ”اللہ کے خوبصورت نام“ کے عنوان سے نشر ہوگا۔ حدیث مبارک ، علم اور صحت حدیث، تحقیق، تدبر اور ذمہ داری پروگرا م ”وماینطِقُ عَنِ الھوَیٰ“ میں دکھائی جائیں گی۔
تازہ ترین