• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی بی اے ، کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو ادائیگی کے مسئلے پر مشکلات

کراچی (سید محمد عسکری/ اسٹاف رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن آئی بی اے کے لئے کام کرنے والی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو ادائیگی کے مسئلے پر مشکلات کا سامنا ہےانہیں مقررہ وقت پر کام کرنے کے باوجود یا تو ادائیگی نہیں کی جارہی یا پھر ادائیگی تاخیر سے کی جا رہی ہے آئی بی اے کے ڈائریکٹر کے گھر کی تزئین وآرائش کرنے والی کمیٹی کی ادائیگی نہیں ہو سکی ہے۔ راجپوت کنسٹرکشن کمپنی کے رانا طارق نے جنگ کو بتایا کہ ان کی لاکھوں روپے کی رقم واجب الادا ہے اور وہ ڈائریکٹر تک کو خط لکھ چکے ہیں لیکن ان کی رقم ادا نہیں کی جا رہی اسی طرح بوائز ہاسٹل میں کام کرنے والی رنگ کی کمپنی کو اس وقت ادائیگی کی گئی جب اس نے اپنی رقم کے لئے کئی بار چکر کاٹے بالاخر اسے تاخیر سے ادائیگی کر دی گئی۔ اسی طرح یونیفارم بنانے والے کو بھی تاخیر سے رقم ادا کی گئی۔ ذرائع کے مطابق آئی بی اے کراچی میں کام ہو جانے کے بعد بل تو جمع کرا دیئے جاتے ہیں مگر ان کی ادائیگی میں غیرمعمولی تاخیر کردی جاتی ہے سابق ڈائریکٹرز ڈاکٹر عبدالوہاب اور ڈاکٹر عشرت حسین کے دور میں کام ہوجانے کے بعد ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہوتی تھی تاہم اب ادائیگیوں میں تاخیر کی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے آئی بی اے کے ساکھ پر اثر پڑ رہا ہے۔ آئی بی اے کے رجسٹرارعامر شبیر نے کہاکہ ایسا کبھی ہوتا نہیں ہے کمپنی کی ادائیگی روکی نہیں جاتی ایک دو کمپنیوں کی شکایت ہو گی میں اس کا جائزہ لوں گا، ہو سکتا ہے کہ کسی شکایت یا کام کی وجہ سے کوئی رکاوٹ ہو لیکن یہ بات میں دیکھ کر ہی بتا سکتا ہوں۔ 
تازہ ترین