• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف نازشاہ کو حمایت حاصل ہے، لیبرپارٹی نے سلمیٰ یعقوب کے لیف لٹ کو جعلی قرار دے کر مسترد کردیا

لندن (آصف ڈار) لیبر پارٹی نے بریڈفورڈ ویسٹ سے لیبر امیدوار ناز شاہ کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ان کے خلاف ریسپکٹ پارٹی کی سابق رہنما اور آزاد امیدوار سلمیٰ یعقوب کی لیف لٹ مہم کو جعلی قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس حلقے میں صرف ایک ہی لیبر امیدوار ہیں اور ان کا نام ناز شاہ ہے۔ اس کے علاوہ یہاں کوئی لیبر امیدوار نہیں ہے اور نہ ہی لیبر لیڈر جیرمی کوربن کسی اور امیدوار کی حمایت کرتے ہیں۔ سلمیٰ یعقوب نے اپنی انتخابی مہم میں ایک لیٹ لٹ شائع کیا ہے جس میں ان کی جیرمی کوربن کے ساتھ تصویر لگی ہوگئی ہے۔ اس لیف لٹ کا عنوان ’’اے ووٹ فار سلمیٰ از اے ووٹ فار کوربن‘‘ (سلمیٰ کو دیا جانے والا ووٹ کوربن کیلئے ہوگا) رکھا گیا ہے اور اس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ سلمیٰ یعقوب کو جیرمی کوربن کی حمایت حاصل ہے تاہم لیبر پارٹی کی جانب سے اس لیف لٹ پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے جعلی اور گمراہ کن قرار دیا گیا ہے۔ لیبر پارٹی نے سلمیٰ یعقوب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی اس جعلی مہم کو بند کریں۔ لیبر پارٹی کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ لیبر پارٹی کے لیڈر جرمی کوربن اس حلقے سے صرف ناز شاہ کی حمایت کرتے ہیں۔ صرف ناز شاہ کو ہی ان کی مکمل حمایت حاصل ہے کیونکہ جرمی کوربن سمجھتے ہیں کہ ناز شاہ کی بریڈفورڈ ویسٹ کے حلقے کے لوگوں کی بہترین چوائس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناز شاہ نے گزشتہ دو برس سے پارلیمنٹ میں اپنے حلقے کے لوگوں کی زبردست نمائندگی کی ہے اور وہ دوبارہ منتخب ہو کر مقامی لوگوں کی آواز کو مزید مضبوط بنائیں گی۔ اس حوالے سے یارکشائر کے ’’اربن ایکونیوز‘‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیبر ترجمان کے مطابق بریڈفوڈ ویسٹ کے عوام کے پاس یہ چوائس ہے کہ وہ ناز شاہ کو دوبارہ منتخب کریں جو ان کے حق کے لئے لڑائی کرسکتی ہیں یا پھر ٹوری امیدوار کو منتخب کریں جن کی پارٹی سکولوں کا خاتمہ کرے گی اور ہیلتھ سروسز کو نقصان پہنچائے گی جبکہ وہ اس سارے معاملے کو ہاتھ پر ہاتھ دھرے دیکھتے رہیں گے کیونکہ ان کے ہاتھ اپنی پارٹی کے فیصلوں کی وجہ سے بندھے ہوئے ہوں گے۔ برمنگھم سے بریڈفورڈ آکر ناز شاہ کا مقابلہ کرنے والی سلمیٰ یعقوب کے اس لیف لٹ کی وجہ سے حلقے کی سیاست کا درجہ حرارت بھی موسم کے درجہ حرارت کی طرح بڑھ گیا ہے۔ لیبر امیدوار ناز شاہ نے 2015کے انتخابات میں اس حلقے کے ریسپکٹ پارٹی کے سربراہ جارج گیلووے کو شکست دے کر سب کو حیران کردیا تھا۔ جارج گیلووے لیبر پارٹی کے سابق ایم پی مارشا سنگھ کے انتقال کے بعد ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں اربن ایکو کے مطابق اس خبر کے حوالے سے سلمیٰ یعقوب سے رابطہ کیا گیا مگر وہ تبصرے کے لئے دستیاب نہیں تھیں۔ تاہم سلمیٰ یعقوب کے کیمپ آفس کے ایک ذریعے نے بتایا کہ سلمیٰ یعقوب جرمی کوربن کو ایک دہائی سے بھی زیادہ عرصے سے جانتی ہیں۔ ان دونوں نے سٹاپ دی وار کولیشن میں ایک ہی مقصد کے لئے مل کر کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لیف لٹ انہی اقدار کی غمازی کرتا ہے اس لئے اس کو جاری کیا گیا ہے۔
تازہ ترین