• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

التواء کے شکار سیکٹرز میں ترقیاتی کام سی ڈی اے کی ترجیح ہیں‘ انصر عزیز

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) التواء کے شکار سیکٹروں میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل اور تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سیکٹر I-16 کو بھی دیگر سیکٹروں کی طرح کئی دہائیوں قبل کھولا گیا مگر اس کے ترقیاتی کاموں کو بروقت مکمل نہ کیا جا سکا تاہم سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اس سیکٹر میں باقی ماندہ ترقیاتی کام مکمل کروانے کے ساتھ ساتھ واٹر سپلائی سسٹم کے لیے بھی 9.7 ملین روپے کے فنڈ زبھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارمیئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ عزیز نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ دیگر رہائشی سیکٹروں کی طرح سیکٹر I-16 بھی کئی دہائیوں پہلے کھولا گیا تاہم غلط ترجیحات کے باعث اس سیکٹر میں تعمیراتی کام التواء کا شکار رہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے سیکٹر D-12 اور پارک انکلیو میں ترقیاتی کاموں کو پایہء تکمیل تک پہنچایا ۔ انہوں نے کہا سیکٹر E-12 ، I-12 ، I-11 اور I-15 کی تعمیر میں حائل بہت سے مسائل کو حل کر لیا گیا ہے اور بہت جلد ان سیکٹروں پر بھی ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر I-16 میں الاٹی اپنے گھر تعمیر کر رہے ہیں اس لیے تمام بنیادی ضروریات زندگی کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلد از جلد سیکٹر I-16 میں پانی کی سپلائی کے کام کو شروع کیا جائے۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ 9.07 مالیت کے ٹینڈرز بذریعہ اخبارات شائع کیے جا چکے ہیں اور بہت جلد اس منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے ہدایت کی کہ جلد از جلد اس کام کو مکمل کیا جائے تاکہ رہائشیوں کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
تازہ ترین