• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسلامی دنیا کیلئے نجات دہندہ کا کردار ادا کر سکتا ہے‘ طارق فضل

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تمام اسلامی دنیا کیلئے نجات دہندہ کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ پاکستان کی ایٹمی کامیابی دنیا سے ہضم نہیں ہو رہی، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی سازشوں کا سامنا ہے، دنیا جانتی ہے کہ پاکستان مضبوط ہے تو عالم اسلام مضبوط ہے۔ موجودہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت پاکستان مضبوط معاشی قوت بننے جا رہا ہے، جس کا اعتراف تمام عالمی معاشی اداروں نے بھی کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے 28مئی کو اسلام آباد میں یوم تکبیر کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے وئے کیا۔ انہوں نے قوم کو رمضان المبارک اور یوم تکبیر کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں الزام تراشی کی سیاست نادانستہ طور پر ملک دشمنوں کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔ الزام تراشی، دھرنوں اور جھوٹے مقدمات سے کامیابی نہیں ملتی، مخالفت برائے مخالفت کرنے والے سیاستدانوں کو ذاتی مقاصد سے ہٹ کر ملکی مفادات کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 28مئی کو وزیراعظم نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر کر دیا۔ دشمن پاکستان کیخلاف جارحیت سے قبل کئی مرتبہ سوچے گا۔ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ملک کے دفاع کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ملکی دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ دینے والے ہر پاکستانی کو سلام پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
تازہ ترین