• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذہین طلبہ کو اپنا مستقبل تاب ناک بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا، پروفیسر سعید الدین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا ہے کہ ذہین اور ہونہار طلبہ وطالبات کو اپنا مستقبل تاب ناک بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ یہ بات انہوں نے 25واں انٹرا بورڈ سائن مقابلہ مضمون نویسی و پوسٹر سازی میں اول، دوم، سوئم آنے والے طلباء میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔یہ مقابلہ جات ہر سال میٹرک بورڈ کراچی اور پاکستان سائنس فائونڈیشن اسلام آباد کے اشتراک سے منعقد ہوتے ہیں جس میں سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ و طالبات کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ہم نصابی سرگرمیوں کا فروغ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ہم ہر سطح پر ہونہار طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ ان میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ مقابلہ جات میں حصہ لیا جائے۔ اس موقع پر پاکستان سائنس فائونڈیشن اسلام آباد کے خالد حسین سومرو نے کہا کہ سندھ کی سطح پر میٹرک بورڈ کراچی ان مقابلہ جات میں طلبہ وطالبات کی قابلیت اور اہلیت کے اعتبار سے ہمیشہ آگے رہا ہے، اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے طلبہ و طالبات میں کیش ایوارڈ اور تعریفی اسناد تقسیم کیں، تقریب میں سیکرٹری بورڈ سید محمد علی شائق اور ریسرچ سیکشن کے افسران بھی موجود تھے۔ 
تازہ ترین