• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں دو دہائیوں کے دوران گرم ترین جون

لندن (پی اے) ہفتے کے دوران برطانیہ میں سورج کی آب و تاب سے چمک جاری ہے۔ برطانیہ میں دو دہائیوں کے دوران جون میں ایسی گرمی نہیں دیکھی گئی۔ منگل کے روز درجہ حرارت30سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ فور کاسٹرز کا کہنا ہے کہ یہ شدت مسلسل پانچ روز جاری رہے گی گرمی کا اتنا طویل دورانیہ جون1995میں دیکھا گیا تھا بی بی سی ویدر کے مطابق امکان ہے کہ درجہ حرارت اس ہفتے کے دوران اس حد کو چھو جائے۔ میٹ آفس نے جمعرات تک ایمبر لیول وارننگ جاری کی ہے اور لوگوں کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ دھوپ میں جانے سے گریز کریں۔ معمر افراد، کمزور اور ناتواں لوگوں سے کہا گیا کہ ہے وہ احتیاط برتیں، منگل کو درجہ حرارت مسلسل چوتھے روز30سینٹی گریڈ تک پہنچا یا اس سے تجاوز کیا۔ پیر کا دن برطانیہ میں سال کا گرم ترین دن تھا جب ہیمپٹن وائر ورکس گریٹر لندن میں درجہ حرارت22.5سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ برطانیہ کے دیگر علاقوں میں درجہ حرارت کی ایسی سطح نہیں تھی۔ ایڈنبرا میں منگل کو18سینٹی گریڈ بلفاسٹ میں19سینٹی گریڈ درجہ حرارت تھا۔ برسٹل میں منگل کی سہ پہر درجہ حرارت27سینٹی گریڈ، کوونٹری میں30سینٹی گریڈ ہیمپٹن واٹر ورکس میں30 سینٹی گریڈ رہا۔ گرمی کی شدت معمر افراد کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتی ہے۔ این ایچ ایس، چیرٹی ایج یوکے اور رائل والینٹیئری سروس معمر افراد کے لیے وارننگز اور ایڈوائس جاری کررہی ہے۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چھ سے آٹھ گلاس پانی یا فروٹ جوسز پئیں، ہیٹ استعمال کریں، ڈھیلے کپڑے پہنیں، آر ایس پی سی اے نے بھی باقاعدگی سے گرمی کی شدت کے حوالے سے وارننگز جاری کردی ہے کہ گرم کاروں میں کتوں کو چھوڑنا خطرناک ہوسکتا ہے۔ پرتگال میں جنگلات میں آتشزدگی سے درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں، برطانیہ میں بھی گرمی کی لہر مہلک اور خطرناک ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین