• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارا ریکارڈ دیدیا، جو نہیں دیا وہ ہمارے پاس نہیں،چیئرمین ایف بی آر

Todays Print

اسلام آباد (صباح نیوز، جنگ نیوز) چیئرمین ایف بی آرڈاکٹرمحمدارشادنےشریف خاندان کے ریکارڈ میں ردوبدل کاالزام مستردکرتےہوئےکہاہےکہ جے آئی ٹی نےجوبھی مانگا اسے دیاگیا ہے۔جو نہیں دیا وہ ہمارے پاس نہیں۔ جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے محصولات ہارون اختر کا کہنا ہے کہ اگر جے آئی ٹی نے پانچ سال سے پرانا ریکارڈ مانگا تو اسے ضرور چیلنج کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آرنےکہا کہ سپریم کورٹ کی حکم عدولی کاسوچ بھی نہیں سکتے،پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ کمیٹی سے کچھ بھی نہیں چھپایا اس نےجوریکارڈ مانگا تھاسارا دے دیاہے۔

میڈیا سے غیررسمی گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے جس سال کی ویلتھ اسٹیٹمنٹ مانگی ہے اس سال ٹیکس دہندہ نے ویلتھ اسٹیٹمنٹ فائل نہیں کی اس لئے ہمارے پاس وہ نہیں ہے حالانکہ قانون کے مطابق ویلتھ اسٹیٹمنٹ ہرسال فائل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ڈاکٹر ارشاد نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کےریکارڈ میں کوئی ردوبدل کیا گیا ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم کے مشیربرائے محصولات ہارون اختر نے تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ چار سال میں ایف بی آرریونیو میں60 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال ایف بی آر کیلئےمشکل رہا ہے۔ ایف بی آر ٹارگٹ مقررکرنے کے بعد حکومت نےپیکیجز کا اعلان کیا۔

حکومت نےپیٹرولیم مصنوعات پرٹیکسوں میں اضافہ نہیں کیا اور ٹیکسٹائل کیلئے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء نے اپنی تیسری پیش رفت رپورٹ میں کہا تھا کہ ایف بی آر سے جو شواہد مانگے گئے تھے وہ فراہم نہیں کر رہا ہے۔

تازہ ترین