• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ندیم نصرت کی امریکی سینیٹرجان مکین سے ملاقات ،پاکستان میں جاری آپریشن سے آگاہ کیا

واشنگٹن( جنگ نیوز)ایم کیوایم کے لندن کنوینر ندیم نصرت نےواشنگٹن میں امریکا کے سینئرسیاسی رہنما سینیٹرجان مکین سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات تھامس جیفرسن انسٹی ٹیوٹ فارپبلک پالیسی کے زیراہتمام منعقد کئے گئے ’’ فرسٹ کامن ویلتھ سالانہ لیڈرشپ ڈنر ‘‘ کے موقع پرہوئی ۔تقریب میں امریکا کے ارکان پارلیمنٹ ، سفارتکاروں ، مختلف پالیسی ساز تھنک ٹینکس ، این جی اوز کے نمائندوں، اخبارات کے مدیروں، امریکاکے بڑے بڑے صنعتکاروں، تاجروں،سینئراورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادشریک تھے ۔ تقریب کے مہمان خصوصی سینیٹر جان مکین اورامریکا کے سابق انڈرسیکریٹری آف اسٹیٹ پال ڈوبریانسکی تھے ۔ ایم کیوایم لندن کے کنوینرندیم نصرت نے سینیٹرجان مکین سے ملاقات کی جن کاتعلق ری پبلکن پارٹی سے ہے اوروہ 2008ء کے صدارتی انتخابات میں بارک اوباماکے مدمقابل ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارت کے امیدواربھی تھے ۔سینیٹرجان مکین سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین ہیں،وہ ری پبلکن پارٹی کی جانب سے سفارتی سطح پر پاکستان اور افغانستان کے امورسے متعلق خاصے سرگرم ہیں اوراس ضمن میں وہ پاکستان کے دورے بھی کرچکے ہیں۔ندیم نصرت نے ملاقات میں سینیٹرمکین کو پاکستان میں ایم کیوایم کے خلاف جاری ریاستی آپریشن سے آگاہ کیا اور پاکستان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے گفتگوکی۔ ندیم نصرت کاکہناتھاکہ ایم کیوایم ایک لبرل اور پروگریسو جماعت ہے لیکن اس کے خلاف بدترین آپریشن کیاجارہا ہے، ایم کیوایم کی سیاسی سرگرمیوںپر غیراعلانیہ قدغن ہے جبکہ پارٹی کے قائدکی تقریراوربیانات پر پابندی ہے اورمہاجروں اوربلوچوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورذیاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے سینیٹرمکین سے کہاکہ پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی مدد کی جارہی ہے، لہٰذاان حالات کے پیش نظرامریکا کو پاکستان کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے اورمہاجروں اور بلوچوں کے خلاف جاری مظالم بندکرانے کے لئے اپناکرداراداکرناچاہیے ۔ انہوں نے سی پیک کے بلوچوں اور مہاجروں پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات کااظہارکیا۔

تازہ ترین