• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برہان وانی کی پہلی برسی پر کشمیر ریلی کا انعقاد خوش آئند ہے، فہیم کیانی

لوٹن (پ ر) 8جولائی کو کشمیر ریلی برمنگھم کے سلسلے میں تحریک کشمیر برطانیہ لوٹن برانچ کے زیراہتمام افطار ڈنر اور اہم مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ غفلت ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا اقوام متحدہ کے دائرہ اختیار میں ہے، لیکن یو این او خاموش تماشائی بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ8جولائی کو برمنگھم میں برہان مظفر وانی شہید کی پہلی برسی کے موقع پر نکالی جانے والی کشمیر ریلی مظلوم کشمیریوں کے پیغام کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا سنہری موقع ہے۔ برٹش کشمیری بڑی تعداد میں برمنگھم سٹی سینٹر میں کشمیر ریلی میں شریک ہوکر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی بھارتی مظالم کے خلاف اور عالمی خاموشی پر بھرپور احتجاجی آواز بلند کریں۔ راجہ فہیم کیانی نے برٹش کشمیری یوتھ پر زور دیا کہ وہ کشمیر کاز کے لیے برطانیہ میں اپنے اندر اتحاد و اتفاق پیدا کرکے موثر انداز آواز بلند کریں، تاکہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرکے کشمیریوں کی غلامی کی سیاہ رات کو آزادی کی روشن صبح میں تبدیل کیا جائے۔ تقریب سے سینئر نائب صدر چوہدری محمد شریف، صدر سائوتھ زون چوہدری زاہد اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین