• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ احتساب نہیں مذاق ہے، نوازشریف، جے آئی ٹی کی تاریخ واٹس ایپ کال سے پہلے کی ہے

Todays Print

الندن (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی تاریخ واٹس ایپ کال سے پہلے کی ہے، یہ احتساب نہیں مذاق ہے، گواہی کیلئے ہمارے بدترین مخالفین کو بلایا جاتا ہے، قوم ایک طرف دیکھ رہی ہے اور جے آئی ٹی دوسری طرف جبکہ جے آئی ٹی کے ارکان میرے سوالوں کے جواب نہیں دے سکے، تفتیش ہمارے ذاتی کاروبار کے گرد گھومتی ہے، وہ کہتے تھے امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے، ان سے وضاحت مانگی جائے اس کا کیا مطلب ہے۔

سعودی عرب سے لندن پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میں یہ جو معاملہ چل رہا ہے میری تو سمجھ میں نہیں آتا اور سمجھ سے بھی باہر ہے،یہ سازشی سیاستدان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ممبران کو بھی کہا تھا آپ کیا ڈھونڈنے کی کوشش کررہے ہیں،کیا کوئی کرپشن یا کمیشن کا کیس ہے ، کسی ٹھیکے میں پیسے لیے ہیں یا سرکاری رقم میں خورد برد کی ہے، لیکن وہ اس کا جواب نہیں دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ بھی کہا اور کچھ نہیں تو الزام کی حد تک ہی کچھ سامنے لے آئو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی ذات کی فکر نہیں، خاندان کی فکر نہیں، بڑی مشکل سے تنکا تنکا جمع کرکے معیشت کو درست کیا، اسٹاک مارکیٹ بوم کر رہی تھی، سوال تو میرا بنتا ہے، ہمیں لوٹا گیا،ہمیں کیا دیا گیا، 1972 میں ہماری فیکٹری کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ نہیں تو الزام کی حد تک ہی کوئی ثبوت سامنے لائیں، بڑی مشکل سے ہم نے ملک کی معیشت کو درست کیا، دھرنوں سے ملک کی معیشت پر برا اثر پڑا، اصل جے آئی ٹی تو 2018 میں لگے گی، پاکستان اور ہمارا وقت ضائع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں 95 فیصد مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی ، سیاسی مخالفین تو الیکشن میں بہت بری طرح ہار گئے تھے،ان چار سال میں کیا کوئی ہماری حکومت پر انگلی تک اٹھاسکتا ہے؟ یہ باتیں ان کی ہیں کہ امپائر کی انگلی اٹھنے والی ہے ، سیاسی مخالفین 2013 کے انتخابات میں شکست کو برداشت نہیں کرسکے ۔  

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن شروع کیا ، فوج کے ساتھ مل کا دہشت گردی کا بھر پورمقابلہ کرینگے، دہشت گردی کو جڑ سے ختم کریں گے، ہم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 انہوں نے بتایا کہ میں نے جے آئی ٹی ممبران کو کہا کہ الزام کی حد تک ہی کچھ سامنے لے آؤ ، میرے سارے دور آپ کے سامنے ہیں ، ہمارا موجودہ دور حکومت میں ہی میں نے 4 سال بطور وزیر اعظم مکمل کر چکا ہوں ، پانچواں سال شروع ہے ۔

اس سے پہلے دو مرتبہ وزیر اعظم رہا ہوں اس سے پیچھے بھی چلے جائیں میں پنجاب کا وزیر اعلیٰ رہا ۔ میں نے جے آئی ٹی ممبران سے سوال کیا کہ کوئی چیز ہی سامنے لے آؤ کچھ نہیں ہے ۔ صرف ہمارے اپنے جو ذاتی کاروبار ہے اس کو کھنگالا جا رہا ہے ۔

 وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے والے جانتے ہیں کہ اگر اس طرح ترقی کا پہیہ چلتا رہا تو 2018 کا الیکشن بھی مسلم لیگ نواز ہی جیتے گی ۔  ترقی کے دشمن پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں یہ سازشی سیاست دان ہیں ۔ 

تازہ ترین