• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزید سوشل کٹوتیوں سے بڑی تعداد میں معذور اور بوڑھے متاثر ہونگے، سوشل سروسز سربراہوں کا انتباہ

لندن (پی اے) مزید سوشل کیئر کٹوتیوں سے مزید معذور اور بوڑھے متاثر ہوں گے۔ یہ وارننگ ایڈلٹ سوشل سروسز کے رہنمائوں نے دی ہے۔ انگلینڈ میں واقع سوشل سروسز کے151ڈائریکٹرز کے سالانہ سروے کے مطابق سوشل کیئر کے اخراجات میں824ملین پونڈ کٹوتی کا منصوبہ ہے جس کا39فیصد حصہ سروسز میں کٹوتیوں سے حاصل ہوگا۔ ایسوسی ایشن آف ڈائریکٹرز آف ایڈلٹ سوشل سروسز کی نئی ریسرچ کے مطابق گزشتہ سال کی سطح پر سروس کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اعشاریہ ایک بلین پونڈ کی ضرورت ہے جب کہ سوشل کیئر پر بوجھ کم کرنے کے لیے وضع کردہ کونسل ٹیکس پری سیپٹ سے سالانہ صرف380ملین پونڈ حاصل ہوں گے۔ گزشتہ سال45فیصد ڈائریکٹرز نے کہا تھا کہ ان کو یقین ہے کہ بچت کی جاسکتی ہے مگر یہ کم ہوکر36فیصد ہوگئی ہے اور صرف8فیصد کو یقین ہے کہ بچت کی جاسکتی ہے۔ 84فیصد ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کے علاقے میں کیئر ہومز اور کیئر فراہم کرنے والے اداروں کو مالی مشکل کا سامنا ہے، مگر اس کے باوجود لیڈرز کا اخراجات میں ایک اعشاریہ3فیصد تک اضافے کا پلان ہے۔ اے ڈی اے ایس ایس کی صدر مار گریٹ ولکوکس نے کہا ہے کہ کونسلیں جہاں تک ممکن ہوسکے سوشل کیئر بجٹوں کو تحفظ دینا چاہتی ہیں۔ فنڈنگ میں2بلین کی آمد فنڈنگ کے فرق کو دور کرنے میں مددگار ہوگی۔ تاہم اس کے باوجود کونسلوں کا اس سال824ملین تک مزید بچت کا ارادہ ہے جس کے ان پر اثرات ہوں گے جو کیئر حاصل کرتے ہیں۔ اس صورت حال کے تدارک کیلئے نئی حکومت کو ایڈلٹ سوشل کیئر کی دائمی انڈر فنڈنگ سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انڈی پینڈنٹ ایج کے ہیڈ آف پالیسی اینڈریو کے نے کہا ہے کہ اس سروے سے مالیاتی سلسلہ برقرار رہنے کے ساتھ سوشل کیئر سیکٹر میں معیار کی سطح پر بھی تشویش کا سامنا ہے۔ یہ بات تشویش ناک ہے کہ تین چوتھائی کی تعداد میں ڈائریکٹرز کو یقین ہے کہ کیئر فراہم کرنے والوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور سروسز میں معیار کا فقدان تو زیادہ تشویش کی بات ہے۔ دریں اثناء ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ ہم دبائو میں کمی کے لیے اضافی2بلین پونڈ کی سرمایہ کاری پہلے ہی کرچکے ہیں اور مزید چیلنجز کے مقابلے کے لیے تیار ہیں اور اسی لیے سوشل کیئر کو بہتر بنانے کے لیے آپشنز پر صلاح مشورہ کررہے ہیں۔

تازہ ترین