• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکاٹ لینڈ کی برطانیہ سے علیحدگی کیلئے دوسرا ریفرنڈم موخر

گلاسگو(طاہر انعام شیخ)سکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے برطانیہ سے علیحدگی کے دوسرے ریفرنڈم کے ٹائم ٹیبل کو فی الحال موخر کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں نئے سرے سے پروگرام کو ترتیب دیں گی۔ پرانے پروگرام کے مطابق وہ 2018کے آخر یا 2019کے موسم بہار میں ریفرنڈم کرانے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن حالیہ جنرل الیکشن میں ان کی عوامی حمایت میں خاصی کمی آئی ہے اور ان کی نشستوں کی تعداد 56سے کم ہوکر 35رہ گئی ہے۔کہا جاتا ہے کہ مقبولیت کی اس کمی میں ان کے آزادی کے دوسرے ریفرنڈم کے پروگرام کا بھی فاصل عمل دخل تھا، چنانچہ عوامی رحجان کا اندازہ کرتے ہوئے انہوں نے اپنے پہلے پروگرام کو ملتوی کردیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ اس بات کا بہت زیادہ امکان ہے کہ آزادی کا دوسرا ریفرنڈم وہ موجودہ سکاٹش پارلیمنٹ کی مدت ختم ہونے سے قبل 2021تک کرائیں۔ سکاٹش کنزرویٹو پارٹی کی لیڈر رتھ ڈیوڈسن نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ نکولا سٹرجن نے اپنی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا ہے۔ اس ریفرنڈم کے پروگرام کو سکاٹش پارلیمنٹ کے 2021کے بعد کے الیکشن تک ملتوی کردینا چاہئے۔ سکاٹش لیبر لیڈر کیزیہ ڈگڈیل نے کہا کہ نکولا سٹرجن نے اپنے کانوں میں انگلیاں ٹھونس رکھی ہیں وہ باتسننےکے لئےتیار نہیں۔ یو کے لیبرپارٹی کے لیڈر جیرمی کوربن پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ حالیہ الیکشن کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ سکاٹ لینڈ کے عوام اب دوسرا غیر ضروری ریفرنڈم نہیں چاہتے۔

تازہ ترین