• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم دنیا کو کھل کر کشمیری عوام کی حمایت کرنی چاہئے، صیہونی مقاصد کے خلاف لڑنا مسلمانوں پر فرض ہے، خامنہ ای

تہران (ایجنسیاں، جاوید رشید) ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کو کھل کر کشمیری عوام کی حمایت کرنی چاہیے۔صیہونی مقاصد کے خلاف لڑنا مسلمانوں پر فرض ہے ۔ عید پر اپنے خطبہ کے دوران ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے مسلم دنیا پر کشمیری عوام کی حمایت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کو نہ صرف کھل کر کشمیر، بحرین اور یمن کے مسلمانوں کو سپورٹ کرنا چاہیے بلکہ ایسے ظالم لوگوں کو بھی مسترد کرنا چاہیے جو رمضان المبارک میں حملے کرتے ہیں۔خامنہ ای نے فلسطین میں جاری ظلم و ستم پر اسرائیل کو بھی تنقید کا نشانا بناتے ہوئے کہا کہ صیہونی مقاصد کے خلاف لڑنا مسلم دنیا پر فرض ہے، فلسطین مسلم دنیا کا سب سے اہم مسئلہ ہے لہذا اس کے حل کے لیے ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے۔دوسری جانب نمائندہ جنگ کے مطابق جموں کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ سید علی خامنہ ای  کی جانب سے دیرینہ تنازع کشمیر کے حل کے ضمن میں ان کے موقف پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ عالمی سطح پر مستعضف عوام خاص کر فلسطین ، شام اور کشمیری عوام کا سب سے بڑا حامی رہا ہے،فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے تحریک آزادی کشمیرکےرہنمااورحزب المجاہدین کے کمانڈر ان چیف اور کشمیر متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین کو بین الاقوامی دہشت گرد اور حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دئے جانے کے عمل کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکی حکام کی پستی ظاہر ہوتی ہے ، دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت چیرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل خانہ نظر بندی اور ان کی دینی و سیاسی سرگرمی پر عائد پابندی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکمرانوں نے ایک بار پھر حریت چیرمین کو نہ صرف اپنی رہائش گاہ میں محصور کررکھا ہے بلکہ نماز عید کی ادائیگی اور دیگر سرگرمیوں سے بھی روکا گیا، حریت ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 8برسوں سے برابر یہی عمل دہرایا جارہا ہے جب حریت چیرمین کو نماز عیداور ان کے منصبی فرائض کی ادائیگی سے روکا گیا۔

تازہ ترین