| |
Home Page
اتوار 03 محرم الحرام 1439ھ 24 ستمبر 2017ء
July 17, 2017 | 12:00 am
نوازشریف عوامی عدالت میں جانے کا شوق بھی پورا کرلیں، ابوالخیرزبیر

Todays Print

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) جمعیت علمائےپاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ نوازشریف مستعفی ہو کر عوام کی عدالت میں جانے کا شوق بھی پورا کرلیں،اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرنے والے حکمرانوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی،جو بھی نواز لیگ کی کشتی میں سوار ہوگا ذلت اور رسوائی سے نہیں بچ سکے گا۔جے آئی ٹی کی رپورٹ نے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردی ہیں،کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں کو حساب دینا ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت خواجہ شاہ رکن الدین الوریؒ کے سالانہ عرس اور رکن الاسلام جامعہ مجددیہ کے فارغ التحصیل علماء،خطباء،حفاظ اور قراءکی دستار فضیلت و تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن طاغوتی قوتیں پاکستان میں دہشت گردی کی آگ بھڑکانے کیلئے نت نئی سازشیں کررہی ہیں، دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کرنے کیلئے آپریشن ردالفساد کو تیز تر کیا جائے اور بلا امتیاز دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت خواجہ رکن الدین الوری کا بڑاعلمی و روحانی مقام و مرتبہ ہے،آپ نے ہزاروں کفار کو حلقہ بگوش اسلام کیا اور علمی و روحانی فیوض وبرکات سے بھٹکے ہوئے لوگوں کو راہ ہدایت دکھائی۔ تقریب کے مہمان خصوصی خانوادہ مجدد الف ثانی سجادہ نشین آستانہ عالیہ ٹنڈو سائیں داد حضرت پیر عبدالوحیدجان سرہندی تھے۔ اجتماع سے علامہ طاہر محمود اعوان،علامہ رجب علی سکندری،علامہ عرفان چشتی،قاری نیاز احمد نقشبندی نے بھی خطاب کیا۔