• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور سمیت کئی شہروں میں پیپلز پارٹی کی ’’گو نواز گو‘‘ ریلیاں، وزیراعطم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور (اسپیشل رپورٹر،نمائندگان جنگ، نامہ نگاران، صباح نیوز)لاہور سمیت کئی شہروں میں  پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف  سے’گو نواز گو‘ ریلیاں نکالی گئیں جن میں  پی پی پی کے کارکنان نے شرکت کی اوروزیر اعظم نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ان ریلیوں کی قیادت پی پی رہنماؤں نے کی۔ مقررین نے کہا کہ میاں صاحب کا چراغ  بجھنے والا ہے، نواز شریف کا کھیل ختم ہوگیا مزید اقتدار میں رہنا قومی یکجہتی کیلئے نقصان دہ ہو گا،لاہور میں  پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب سے ایوان اقبال تک گو نواز گو ریلی نکالی گئی، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کے دوران  کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے عہدے سے فی الفور استعفیٰ دینا چاہئے ورنہ کرا چی سے گلگت تک احتجاج ہو گا۔ریلی سے چودھری منظور، عزیزالرحمان چن، ثمینہ گھرکی، سہیل ملک، بیرسٹر عامر حسن، فیصل میر سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ  نواز شریف پاناما کیس میں پکڑے گئے ہیں انھیں کوئی نہیں بچا سکتا، وہ  ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں سے برسر اقتدا ر رہے لیکن اب کھیل ختم ہو چکا ہے ۔

ثمینہ گھرکی نے کہا کہ نواز شریف کا  مزید اقتدار میں رہنا قومی یکجہتی کے لئے نقصان دہ ہو گا۔ بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ عدالت عظمی کو فوری طور پر شارٹ آرڈر جاری کر کے نوا ز شریف کو نااہل قرار دینا چاہئے ۔پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر چوہدری قمر زمان کائرہ نے گجرات میں گو نواز گو ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پورا ملک جان چکا ہے کہ نواز شریف نے جس طرح کرپشن کی اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم  نواز شریف  کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ  آپ کی کرپشن اور لوٹ مار بڑھتی گئی اورملک مسائلستان بن گیا، آپ کی وجہ سے جو پاکستان کا وقار خراب ہوا ہے اس کا خمیازہ آپ کو بھتگنا پڑے گا۔انہو ں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کا چراغ  بجھنے والا ہے، اگر آپ شرافت سے استعفیٰ دیں تو آپ کی کوئی عزت رہ جائیگی ۔

اوکاڑہ میں پاکستان پیپلز پارٹی ساہیوال ڈویژن کے صدر ورکن پنجاب اسمبلی میاں خرم جہانگیر وٹو کی قیادت میں مدینہ چوک دیپالپور سے گو نوا زگو ریلی نکالی گئی جس میں شریک افراد نے حکومت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔کچہری چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میاں خرم جہانگیر وٹو و دیگر مقریرین نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن زبان زد عام ہے۔ساہیوال میں  گونواز گو ریلیوں  کی  قیادت سابق تحصیل ناظم و رہنماء پیپلز پارٹی رانا عامر شہزاد  اورضلعی صدر پیپلز پارٹی ذکی چوہدری نے کی۔سیالکوٹ میں ضلعی صدر پیپلزپارٹی اعجاز چیمہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری خواجہ اویس مشتاق  و دیگر رہنماؤں کی  قیادت میں نکالی گئی   ریلی میں پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔

مقررین نے کہا کہ  نوازشریف  کو اقتدار سے علیحدہ ہوجانا چاہیے تاکہ ملک میں جمہوری عمل مضبوط ہوسکے ۔ رینالہ خورد اورالہ آباد میں بھی وزیر اعظم سے استعفیٰ کیلئے ریلیاں  نکالی گئیں۔

تازہ ترین