• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور سمیت کئی شہروں میں پیپلز پارٹی کی گو نواز گو ریلیاں

لاہور ( سپیشل رپورٹر، نمائندگان جنگ، نامہ نگاران، صباح نیوز)لاہور سمیت کئی شہروں میں  پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف  سے’گو نواز گو‘ ریلیاں نکالی گئیں جن میں  پی پی پی کے کارکنان نے شرکت کی اوروزیر اعظم نواز شریف کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ان ریلیوں کی قیادت پی پی رہنماؤں  نے کی۔لاہور میں  پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب سے ایوان اقبال تک گو نواز گو ریلی نکالی گئی، پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کے دوران  کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے عہدے سے فی الفور استعفیٰ دینا چاہئے ورنہ کرا چی سے گلگت تک احتجاج ہو گا۔ریلی سے چودھری منظور، عزیزالرحمان چن، ثمینہ گھرکی، سہیل ملک، بیرسٹر عامر حسن، فیصل میر سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ  نواز شریف پاناما کیس میں پکڑے گئے ہیں انھیں کوئی نہیں بچا سکتا، وہ  ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں سے برسر اقتدا ر رہے لیکن اب کھیل ختم ہو چکا ہے۔ ثمینہ گھرکی نے کہا کہ نواز شریف کا  مزید اقتدار میں رہنا قومی یکجہتی کے لئے نقصان دہ ہو گا۔ بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ عدالت عظمی کو فوری طور پر شارٹ آرڈر جاری کر کے نوا ز شریف کو نااہل قرار دینا چاہئے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر چوہدری قمر زمان کائرہ نے گجرات میں گو نواز گو ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پورا ملک جان چکا ہے کہ نواز شریف نے جس طرح کرپشن کی اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم  نواز شریف  کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ  آپ کی کرپشن اور لوٹ مار بڑھتی گئی اورملک مسائلستان بن گیا، آپ کی وجہ سے جو پاکستان کا وقار خراب ہوا ہے اس کا خمیازہ آپ کو بھتگنا پڑے گا۔انہو ں نے کہا کہ میاں صاحب آپ کا چراغ  بجھنے والا ہے، اگر آپ شرافت سے استعفیٰ دیں تو آپ کی کوئی عزت رہ جائیگی۔ اوکاڑہ میں پاکستان پیپلز پارٹی ساہیوال ڈویژن کے صدر ورکن پنجاب اسمبلی میاں خرم جہانگیر وٹو کی قیادت میں مدینہ چوک دیپالپور سے گو نوا زگو ریلی نکالی گئی جس میں شریک افراد نے حکومت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔کچہری چوک میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میاں خرم جہانگیر وٹو و دیگر مقریرین نے کہا کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن زبان زد عام ہے۔ان کی نا اہلی نوشتہ دیوار ہے۔رینا لہ خورد میں ر ا نا عبدلرحمٰن ایڈووکیٹ اور شبیر حسین جعفری کی زیر قیا دت گو نو از گو ریلی ویلکم روڈ سے شروع ہو کر بلدیہ چوک پر ختم ہو ئی  جس   میں کا رکنو ں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے گو نو ازگو کے نعرے لگا ئے۔ ساہیوال میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ساہیوال میں گونواز گو ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق تحصیل ناظم و رہنماء پیپلز پارٹی رانا عامر شہزاد طاہر نے کی۔ اس موقع پر رہنماؤں اورکارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ریلی پبلک سیکرٹریٹ فائیووے چوک سے شروع ہوئی اورپریس کلب پہنچ کر اختتام پذیرہوئی۔ دریں اثناء ایک ریلی ضلعی صدر پیپلز پارٹی ذکی چوہدری کی قیادت میں نکالی گئی جو جوگی چوک سے شروع ہو کر مزدور پلی میں اختتام پذیر ہوئی۔سیالکوٹ میں پیپلزپارٹی نے گو نواز گو کی ریلی نکالی  اور وزیر اعظم  نوازشریف سے فوری استعفے دینے کا مطالبہ کیا۔ ضلعی صدر پیپلزپارٹی اعجاز چیمہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری خواجہ اویس مشتاق ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں کی  قیادت میں نکالی گئی   ریلی میں پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نواز شریف استعفی دوکے مطالبات درج تھے۔ مقررین نے کہا کہ  نوازشریف  کو اقتدار سے علیحدہ ہوجانا چاہیے تاکہ ملک میں جمہوری عمل مضبوط ہوسکے۔سیالکوٹ میں ضلعی صدر پیپلزپارٹی اعجاز چیمہ اور ضلعی جنرل سیکرٹری خواجہ اویس مشتاق  و دیگر رہنماؤں کی  قیادت میں نکالی گئی   ریلی میں پیپلزپارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ رینالہ خورد اورالہ آباد میں بھی وزیر اعظم سے استعفیٰ کیلئے ریلیاں  نکالی گئیں۔شیخوپورہ سے ہمارے نمائندے کے مطابق شہرکی 50بلدیاتی وارڈوں کے علاوہ ضلع شیخوپورہ کی 96یونین کونسلوں سے بھی پیپلز پارٹی کی تنظیموں کے عہدیداروں اورہزاروں کارکنوں نے   گو نواز گوریلی میں شرکت کی جس کی قیادت پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر چوہدری  اسلم گل، ضلعی صدر ملک جاوید اکبرو دیگر رہنماء  نے کی۔ ریلی  میں پیپلزیوتھ ونگ کے درجنوں موٹرسائیکل سوار کارکنوں کے علاوہ خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ ریلی 4گھنٹے تک مختلف علاقوں کاگشت کرنے کے بعد شام گئے پریس کلب پہنچ کرختم ہوئی۔
تازہ ترین