• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے شہریوں کو تفریح کے بھرپور مواقع فراہم کرینگے‘ انصر عزیز

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) آرٹ اینڈ کرافٹ ولیج کو مکمل طور پر ازسرنو فعال کر کے اسلام آباد کے شہریوں کو بھرپور تفریحی سہولیات فراہم کی جائینگی تاکہ محل وقوع کے اعتبار سے انتہائی صحتمند فضا پر بنائے گئے اس تفریحی مرکز میں ثقافتی، علاقائی، روایتی اور ملک کے ہر حصے کا قابل فخر کلچر اور تہذیب سے لوگ لطف اندوز ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد کے میئرو چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے آرٹ اینڈ کرافٹ ولیج میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے سپورٹس اینڈ کلچر ائریکٹوریٹ کے زیر اہتمام ہفتہ وار کرافٹ بازار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ کلچر ثناء اللہ امان کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ رواں سال 14اگست جشن آزادی کے موقع پر بھی پاکستان کی قابل فخر تہذیب و ثقافت کو اُجاگر کیا جائیگا اور خصوصی پروگرامز پیش کئے جائینگے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ڈپلومیٹس کی بڑی تعداد آباد ہے لہٰذا ہمیں چاہئے کہ اپنی قابل فخر ثقافت اور تہذیب کو بھرپور طریقے سے روشناس کروائیں تاکہ دنیا بھر میں ہمارا سافٹ امیج جائے۔ مئیر اسلام آباد نے کرافٹ بازار میں لگائے جانے والے مختلف سٹالوں کا دورہ کیا اور ہنرمندوں اور دستکاروں کو عملی طور پر کام کرتے دیکھا۔ ثناء اللہ امان نے میئر کو بتایا کہ کرافٹ بازار سے دارالحکومت کے شہریوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کو تفریحی سرگرمیوں کے مواقع ملے۔ ملک کے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان کے ثقافتی رنگوں کو اجاگر کرنے کیلئے سٹال لگائے گئے جہاں دستکاروں کی ہنرمندی کا براہ راست مشاہدہ کیا گیا۔ میئر اسلام آباد نے آرٹ اینڈ کرافٹ ولیج اور ثقافتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں تسلسل کے ساتھ جاری رہنا چاہئے۔
تازہ ترین