• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ کا عطیہ ہے، شفیق پسروری

گلاسگو (طاہر انعام شیخ)جمعیت اہل حدیث کے ممتاز رہنما اور سکالر رانا محمد شفیق پسروری نے کہا ہے کہ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لئے اللہ کا ایک عطیہ ہے۔ مشیت ایزدی سے اس کا قیام 27رمضان جمعتہ المبارک کو عمل میں آیا۔ گلاسگو میں ممتاز سماجی و سیاسی شخصیت میجر ماجد حسین کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے رانا محمد شفیق پسروری نے کہا کہ اس مقدس ریاست کے لئے لاکھوں کی تعداد میں مسلمانوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں اور بے شمار خواتین کی عصمتیں لوٹی گئیں اور یہ تمام قربانیاں صرف لاالہ الااللہ کے نظریے کی وجہ سے دی گئیں، جوکہ اس مملکت کے قیام کی بنیاد تھی۔ بدقسمتی سے ہمارے بعد میں آنے والے حکمرانوں اور سیاستدانوں نے اپنے ذاتی مفاد اور اقتدار کے لئے بری طرح لوٹا۔

رانا شفیق پسروری نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں۔ ہم میں آگے بڑھنے کی بے پناہ صلاحیتیں ہیں صرف نیک نیتی اور اپنے نظریئے کے ساتھ خلوص کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ جمہوریت میں بے شمار خامیاں ہیں اور پاکستان کی اسمبلیوں میں ایسے ایسے عجیب و غریب واقعات بھی پیش آئے کہ ایک بل کو صرف دیڑھ منٹ میں پاس کردیا گیا، لیکن بے شمار قباحتوں کے باوجود فی الوقت جمہوریت ہی سب سے بہترین طریقہ کار ہے جس کے تسلسل سے سیاست کا گند آہستہ آہستہ فلٹر ہوتا رہتا ہے، ہم نے اداروں کے تقسیم کار کو بھی اہمیت نہیں دی اپنا کام ٹھیک طور پر نہیں کیا اور دوسروں کے کام میں مداخلت کرتے رہے جس سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔

1985ء میں  غیرجماعتی بنیادوں پر الیکشن کرائے اور پھر خود ہی تھوڑی دیر کے بعد پارٹی بنالی جس پارٹی کی حکومت کرپشن کے نام پر ختم کی گئی بعدازاں انہی کرپشن کرنے والوں کو احتساب کا ڈر دے کر اپنی دوسری قائم کردہ سیاسی پارٹی میں شامل کردیا گیا۔ اس سوال پر کہ بعض حلقوں کی جانب سے نئے آئین کی باتیں ہورہی ہیں، رانا شفیق پسروری نے کہا کہ آئین کو تبدیل کرنے کی کوشش ایک نیا پنڈورا باکس کھولنے کی طرح ہوگا۔ اگر ہم صحیح معنوں میں موجودہ آئین پر عمل کریں۔

پارلیمانی نظام کو ٹھیک طریقے سے اس کی روح کے مطابق چلائیں، اقتدار کو صحیح معنوں میں نچلی ترین سطح پر منتقل کریں، قوانین پر ٹھیک طریقے سے عمل کریں تو ہمیں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں، جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سربراہ مولانا حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور خوشحالی صرف اس نظام پر عمل کرنے میں ہے جس کے لئے یہ ملک قائم کیا گیا تھا۔ میجر ماجد حسین نے کہا کہ پاکستان میں احتساب کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے، کرپٹ افراد کو مثالی سزائیں دی جائیں۔

تازہ ترین