• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹر چینل کوٹلی کی بحالی کا کام آئندہ ماہ شروع ہوگا، طارق فاروق

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) واٹر چینل ضلع کوٹلی کی بحالی کا کام ستمبر2017میں شروع ہوجائے گا۔ اس پروجیکٹ پر کام شروع کرانے کے لیے حالیہ بجٹ میں فنڈز رکھے گئے ہیں۔ جہاں تک ساردہ ٹنل کی تعمیر کا مسئلہ ہے اس کی تعمیر پر اخراجات کے لیے باقاعدہ سروے رپورٹ تیار کی جائے گی۔ اس ٹنل پر کل کتنا خرچہ آتا ہے۔ سردست فنڈز کی کمی کے باعث ساردہ ٹنل پر کام شروع نہیں کرایا جاسکتا۔

ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے دورہ برطانیہ پر نمائندہ جنگ سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ میں نے ضلع کوٹلی ساردہ کے مقام پر ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کا دورہ کیا ہے۔ مزید لینڈ سلائیڈنگ کو روکنے کے لیے کینیڈا کی کمپنی کو ٹھیکہ دیا ہے جو اس جگہ کو پختہ کرے گی، تاکہ نہر کا پانی بحال کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا حکومت کی پوری کوشش ہے کہ نہر کا پانی عوام کو فوری سپلائی کیا جائے تاکہ کسانوں، زمیندار، کاشتکار حضرات کو پانی کی قلت سے نجات مل سکے۔

انہوں نے کہا ساردہ ٹنل ایک اچھی و تعمیری تجویز ہے۔ مسئلہ فنڈز کی کمی کا ہے۔ مستقبل قریب میں اس پر عمل کیا جائے گا۔ اس پر کمیٹی تحفظ ضلع کوٹلی کے رہنمائوں نے ان کی مثبت و تعمیری بات چیت کو سراہا۔ تنظیم کے رہنمائوں پروفیسر لیاقت علی خان، سید تحسین گیلانی، حاجی عبدالحلیم، آصف الرحمن، سہیل احمد و دیگر رہنمائوں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے حکومت اپنا وعدہ ضرور پورا کرے گی۔

تازہ ترین