• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوگس بھرتیاں،خوردبرد، بلدیاتی اداروں کےبجٹ کی جانچ پڑتال کا فیصلہ

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کے لوکل فنڈ آڈٹ ڈپارٹمنٹ نے میونسپل کارپوریشن حیدرآباد،قاسم آباد میونسپل کمیٹی،ضلع کونسل،یونین کمیٹیوں،ٹاؤن کمیٹیوں سمیت بلدیاتی اداروں کیلئے مختص 2017۔ 2018کے بجٹ کی جانچ پڑتال کا حکم دیا ہے اور اس سلسلے میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے سیکشن 123کے تحت بے ضابطگیوں،کمی وبیشی و دیگر معاملات کےجائزے و نشاندہی کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور تمام اداروں کے آڈٹ افسران کو بجٹ بک ادارے کے ڈائریکٹوریٹ ارسال کرنے کیلئے بھی خط جاری کردیے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے رواں مالی سال 2017۔2018کے لئے 10کھرب 43ارب رپے کا بجٹ پیش کیا گیا تھا،جس میں محکمہ بلدیات کے لئے 71 ارب روپے مختص کئے گئے تھے،جس میں سے صوبے کی تمام کونسلوں کے لئے منظور شدہ بجٹ کی اسکروٹنی( جانچ پڑتال) کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے،جس میں بوگس بھرتی کئے گئے ملازمین کا ریکارڈ اور دیگر اجزاءکا جائزہ بھی لیا جائے گا،جس کے بعد تنخواہوں سمیت دیگر کاموں کی مد میں متعلقہ ادارے کی جانب سے بجٹ منظورکیا جائے گا۔

جنگ کو موصول ہونے ہوالے لوکل فنڈ آڈٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور آڈٹ افسرا ن کو لکھے گئے لیٹر نمبر LFA111 (LCB.BUDJET) 17.18میں احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ سندھ بجٹ کونسل کے قوانین کی شق نمبر 109 ،110اور 123کے تحت مذکورہ افسران کونسلز کے منظورہ شدہ بجٹ میں بے ضابطگیوں،کمی وبیشی، خورد برد ودیگر معاملات کےجائزے و نشاندہی کے لئے ریکارڈ لوکل فنڈ آڈٹ ڈپارٹمنٹ کو ارسال کریں۔ جاری کردہ لیٹر کے مطابق میونسپل کارپوریشن حیدرآباد،قاسم آباد میونسپل کمیٹی،ضلع کونسلز،یونین کمیٹیوں،ٹاؤن کمیٹوں سمیت بلدیاتی اداروں کے لئے مختص 2017۔2018کے بجٹ کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے لیے2 ارب 38کروڑ35 لاکھ 88 ہزار 935 روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا گیا جس میں ایک لاکھ 78 ہزار417 روپے کی بچت دکھائی گئی۔ بجٹ میں بلدیہ عمارت کی تزئین وآرائش کے لئے سابقہ بجٹ کے 24 لاکھ 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 کروڑ 23 لاکھ روپے،نالے نالیوں کی تعمیر و مرمت و ڈیسلٹنگ کے لئے سابقہ بجٹ 1کروڑ 7 لاکھ روپے سے بڑھا کر 8 کروڑ 35 لاکھ روپے،روڈز کی تعمیر و مر مت کے لئے 2کروڑ 88لاکھ سے بڑھا کر 10 کروڑ57 لاکھ روپے،پارکس و اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور شجر کاری کے لئے 36لاکھ روپے سے بڑھا کر 2کروڑ 28لاکھ روپے،عید گاہ،قبرستانوں کی مرمت و تزئین اور دیکھ بھال کے لئے 8لاکھ روپے سے بڑھا کر 18لاکھ روپے،اقلیتی بستیوں میں تر قیاتی کام کے لئے ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 25لاکھ روپے اور بلدیہ ملازمین کی سہولیات و مرا عا ت کےلئے ایک کروڑ 18لاکھ روپے سے بڑھا کر 4کروڑ 25 لاکھ روپے مختص کئے گئے۔ دوسری جانب ضلع کونسل حیدرآبادکا 47کروڑ55لاکھ 58ہزار 468 روپے کابجٹ پیش کیاجاچکا ہے،جبکہ ٹندو جام میونسپل کمیٹی کا 32کروڑ 53ہزار روپے سے زائد کا بجٹ پیش کیا جاچکا ہے۔

تازہ ترین