• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دو وزرائے اعظم کے قتل اب تک معمہ بنے ہوئے ہیں، سپریم کورٹ

Todays Print

 اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے حقیقی چچا کو پورے خاندان سمیت قتل کرنے والے مجرم کی بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسکی 6 مرتبہ سزائے موت کو چھ مرتبہ عمر قید میں تبدیل کر دیاجبکہ مقدمہ میں ناقص تفتیش پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ استغاثہ کے نئے نظام پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود کوئی بہتری نہیں لائی جاسکی۔

جبکہ جسٹس دوست محمد خان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دو وزرائے اعظم قتل کر دیئے گئے اور دونوں وزرائے اعظم کے قتل اب تک معمہ بنے ہوئے ہیں۔ جسٹس آصف سعیدخان کھوسہ کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے مجرم غلام مصطفی کی جانب سے صدیق بلوچ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر اپیل کی سماعت کی۔اس دوران جسٹس دوست محمدخان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے اس ملک پر عذاب اسی لئے نازل ہوتا ہے کیونکہ قتل کے مقدمات میں قرآن پر حلف لیکر جھوٹ بولاجاتا ہے اور وعدہ خلافی کی جاتی ہے ، اس مقدمہ میں دو معصوم بچوں، دو خواتین سمیت چھ افراد کو قتل کیا گیا اور چھ کی چھ لاشیں ایک جگہ پر پڑی تھیں یہ ایک ملزم کا کام نہیں ہے، میرے خیال سے ناقص تفتیش پر تفتیشی افسر جیل میں ہونا چاہیے۔ جسٹس دوست محمدکا کہنا تھا کہ کسی بڑے شخص کے قتل کا مقدمہ ہوتا تو تفتیش کسی اور طریقے سے ہوتی۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہاکہ پولیس افسران دفاتر میں بیٹھ کر کام کرتے ہیں، ذمہ داری کا احساس نہیں لیکن ٹرائل کورٹ اورہائی کورٹ نے بھی چھ افراد کے قتل پر معاملے کو اہمیت نہیں دی، اس نظام کا حصہ ہونے پر افسوس ہے جس میں فوٹوگرافس کواہمیت نہیں دی جاتی اور یہ بات بھی قابل افسوس ہے کہ 84سال قبل بنائے گئے پولیس قواعد میں کہاگیا ہے کہ فوٹو گرافس سے مدد لی جاسکتی ہے لیکن پراسیکیوشن اس بات سے لاعلم ہے۔

جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے کہاکہ قانون شہادت کے مطابق عدالت اگر مواد میں موجود حقائق سے مطمئن ہوجائے تو فوجداری مقدمات میں حقائق کے مطابق فیصلہ کرسکتی ہے۔ ملزم کے وکیل صدیق بلوچ کا کہنا تھا تھا کہ انکے موکل کے ٹرائل کے دوران عمر کا تعین بھی نہیں کیا گیا جبکہ کوئی چشم دید گواہ موجود نہیں تھا صرف گھر سے دور موجودایک گواہ نے کہاکہ اس نے ملزم کو کلہاڑی کے ساتھ گھر کی دیوار پھلانگ کر جاتے دیکھا۔

تازہ ترین