• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حج صرف عبادت، سیاسی رنگ دینے کی کوشش قبول نہیں،سعودی عرب

ریاض(جنگ نیوز)سعودی عرب کی حکومت نے حج جیسی عظیم المرتبت عبادت کو سیاسی رنگ دینے کی غیرملکی سازشوں کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی کابینہ کا اجلاس گذشتہ روز ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت جدہ کے السلام محل میں ہوا۔ اجلاس میں تمام عازمین حج کو بلا تفریق مناسک حج کی ادائیگی کے دوران اور ان کی وطن واپسی تک ہرممکن سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں واضح طور پرکہا گیا کہ سعودی عرب حج جیسی مقدس عبادت کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کے مطالبات کو قبول نہیں کرے گا چاہے حالات کتنے ہی کٹھن کیوں نہ ہوجائیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حجاج اور معتمرین اللہ کی طرف سے بھیجے گئے مہمان ہیں۔

جب وہ بلائیں تو ان کا جواب دیا جائے اور جب وہ استغفار کریں تو ان کے لیے مغفرت طلب کی جائے ۔ولی عہد نے کابینہ کو فرانسیسی صدر ایمانویل میکغوں کے ساتھ ہونے والی حالیہ ٹیلیفونک بات چیت کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک بات چیت میں انسداد دہشت گردی اور انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے مل کر کوششیں کرنے، دہشت گردی کے خاتمے، دونوں ملکوں کی سلامتی اور خود مختاری کو یقینی بنانے، خطے میں امن استحکام برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ولی عہد نے عراقی وزیر تیل انجینیر جبار اللعیبی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا بھی احوال بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مملکت پڑوسی ملک عراق کے استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے۔ سعودی عرب عراق کی تعمیر وترقی میں حصہ لے کر تمام شعبوں میں اسے تقویت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

تازہ ترین