• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کا اولین اجلاس،نوازشریف کے تدبرکوخراج تحسین

اسلام آباد(محمدصالح ظافر+خصوصی تجزیہ نگار) وفاقی کابینہ کے اولین معمول کے اجلاس میں سبکدوش وزیراعظم نوازشریف کےذکر سے کارروائی کی ابتدا ہوئی ’’جنگ‘‘ کے خصوصی سینٹرل رپورٹنگ سیل کو پتہ چلا ہے کہ مذہبی امور کے وزیر مملکت پیرسید حسنات امین شاہ نے آیات قرآنی کی تلاوت سے اجلاس کی شروعات کیں اور تلاوت کے اختتام پر ارکان کابینہ کو یاد دلایا کہ نوازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے حوالے سے بہت عمدہ روایات قائم کی ہیں وہ ہمارے اورپاکستان کے عوام کے ہردلعزیز رہنما ہیں۔

وزیرمملکت نے نوازشریف کے تدبر اوران کی قیادت کوبھی خراج تحسین پیش کیا جس کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ارکان نے تائید کی۔ وزیراعظم عباسی نے کارروائی کے دوران اپنے سیدھےہاتھ پر دو وفاقی وزراء خارجہ امور کے خواجہ محمد آصف اوردفاعی پیداوار کے رانا تنویر حسین جبکہ بائیں جانب وفاقی وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال کو  جگہ دی ان کے برابر ایک نشست خالی رہی جو وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے لئے مخصوص تھی وہ متحدہ عرب امارات میں ہونےکی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ توقع ہے کہ وہ آج (بدھ) وطن واپس آجائیں گے۔

اس طرح کابینہ کے آئندہ منگل کو ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کااپنے کابینائی رفقاء کے ساتھ برتائو بہت دوستانہ اور جمہوری تھا زیرغورآئے امور پر انہوں نے ہراس رکن کو اظہارخیال کا موقع دیا جو اس کے بارے میں لب کشائی کرنے کا خواہاں تھا۔ وفاقی کابینہ کا یہ اجلاس مجموعی طور پر دو سو منٹ تک جاری رہا جس میں ارکان کابینہ کا رویہ بھی خوشگوار تھا تاہم ماحول میں سنجیدگی کا عنصرغالب رہا۔

تازہ ترین