• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حریت کانفرنس سمیت تمام کشمیری رہنمائوں سے ملاقات کیلئے وزیر دفاع کی سربراہی میں کمیٹی قائم

کراچی( رپورٹ:جاوید رشید) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حریت کانفرنس سمیت تمام حریت رہنمائوں اور دیگر کشمیری پارٹیوں کے رہنمائوں کے ساتھ رابطے اور ملاقاتوں کے لئے وزیر دفاع ارون جیٹ لی کی سربراہی میں سو رکنی کمیٹی بنا دی ہے۔جنگ کو اپنے خصوصی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نے ارکان لوک سبھا اور راجیہ سبھا اور کشمیری ممبران پر مشتمل کمیٹی کو تمام اختیارات کے ساتھ کشمیری قیادت سے ملاقات اور ان کے مسائل معلوم کرنے کا ہدف دیا ہے۔ جنگ نے اس حوالے سے ارون جیٹ لی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان کا صرف یہ پیغام ملا کہ کشمیری قیادت اور کشمیر کے رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کریں گے، انہیں گلے لگائیں گے ہر صورت ان کے مسائل حل بھی کریں گے جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ اٹل جی کے زمانہ میں بنی کشمیر کمیٹی جس کے سربراہ رام جیٹ ملانی تھے اسے بھی متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بی جے پی کے ایک سینئر رکن کا کہنا ہے کہ کشمیر کے لوگ جلد اپنے مسائل حل ہوتے دیکھیں گے بے گناہ کشمیریوں کو رہا کرنے پر بھی بات ہوگی کہا جارہا ہے کہ مودی نے 15 اگست کی تقریر میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے یو ٹرن لیا ہے اس بارے میں کہا جارہا ہے کہ امریکہ سمیت کئی ملکوں کا مسئلہ کشمیر کےحل کے حوالے سے بھارتی قیادت پر دبائو ہے۔

تازہ ترین