• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی یونیورسٹی میں یوم آزادی کی تقریبات، سعودی سفیرکی شرکت

اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام یوم آزادی تقریبات کے سلسلے میں پرچم کشائی تقریب اور تحریک پاکستان کے موضوع پر کتب کی نمائش کا اہتمام کیا گیاجس میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے بطور مہمان شرکت کی ۔گزشتہ روز جامعہ کے فیصل مسجد کیمپس میں پرچم کشائی کی تقریب میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، جامعہ کے نائب صدور ، ڈائریکٹرز جنرل، ڈینز، ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء الحق سمیت افسران اور ملازمین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ملک پاکستان کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور یونیورسٹی گارڈز نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف المالکی نے کہا کہ پاکستا ن مسلم دنیا کا فخر ہے جس کی بنیاد اسلام پر رکھی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین لافانی دوستانہ تعلقات استوار ہیںجبکہ دونوں برادر ممالک کی عوا م کے دل ایک دوسرے سے جڑے ہیں ۔ سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی دراصل پوری مسلم امہ کی خوشحالی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان جیسے دوست اور برادر ملک پر فخر ہے۔تقریب سے خطاب میں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی دونوں اسلامی ممالک کے مابین مضبوط تعلق کی عمدہ مثا ل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی پر پوری امت کی نظریں مرکو ز ہیں اور جامعہ مسلم دنیا کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے ہمہ وقت جدوجہد کر رہی ہے ۔ تقریب سے صدر جامعہ ڈاکٹر الدریویش نے بھی خطاب کیا ،ٓاس موقع پر منعقد کی گئی کتابوں کی نمائش کا افتتاح سعودی سفیر نے ریکٹر جامعہ و صدر جامعہ اور دیگر اعلی عہدیدران کے ہمراہ کیا جبکہ اس موقع پر یوم آزادی تقریبات کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔ کتب کی نمائش میں تحریک پاکستان پر تحریر قیمتی تصانیف کو سٹالزکی زینت بنایا گیا جن میں قارئین نے گہری دلچسپی لی۔تقریبات کا اختتام جامع دعا سے ہوا جس میں ملک کی ترقی اور امت مسلمہ کی خوشحالی کی دعا کی گئی۔ بعد ازاں، سعودی سفیر نے اسلامی یونیورسٹی اور سعودی عرب کی امام محمد ابن سعود یونیورسٹی ریاض کے اشتراک سے ترتیب دیئے گئے سمر کیمپ کی اختتامی تقریب میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں انہوں نے جامعہ کی اعلیٰ قیادت کے ہمراہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو تعریفی اسناد عطا کیں۔
تازہ ترین