• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت سندھ کے اعلیٰ افسران اور سیاستدانوں کو نیب انکوائریوں کا سامنا

Todays Print

کراچی(امدادسومرو)حکومت سندھ کے اعلیٰ افسران اور سیاستدانوں کو نیب کی جانب سے انکوائریوں کا سامناہے۔

بدھ کے روزسندھ ہائی کورٹ نے نیب کو انکوائریاں جاری رکھنے کا حکم دے کر سیاستدانوں اور افسران کے نام اور تفصیلات بھی طلب کرلی ہیںتفصیلات کے مطابق،حکومت سندھ کے تقریباً120افسران، جن میں کچھ اعلیٰ افسران اور 10سے ذائد سیاست دان بھی شامل ہیں ، انہیں نیب کی جانب سے 550انکوائریوں کا سامنا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے بدھ کے روز نیب کو حکم دیا ہے کہ وہ ارکان صوبائی اسمبلی اور بیوروکریٹس کے خلاف اپنی انکوائریاں جاری رکھیں، ساتھ ساتھ نیب سے ان سیاست دانوں اور افسران کے نام اور تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔

حزب اختلاف کی جماعتوں ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ فنکشنل اور پی ٹی آئی نے مشترکہ طور پر سندھ ہائی کورٹ میں متنازعہ نیب احتساب آرڈیننس، 1999منسوخی بل 2017، جسے اب ایکٹ کا درجہ مل چکا ہےکےخلاف سے پٹیشن فائل کی تھی، جسے حال ہی میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے منظور کرایا تھا۔دستاویزات کے مطابق، ان 120افسران کے علاوہ حکومت سندھ کےمختلف گریڈز کے 565افسران پر کرپشن کے الزامات ثابت ہوچکے ہیں اور وہ رضاکارانہ طور پر واپسی کے تحت 2ارب روپے سے ذائد کی رقم جمع کراچکے ہیں ، ان میں سے زیادہ تر افسران سندھ کی بیوروکریسی میں اہم عہدوں پر فائز ہیں ۔

ان میں صوبائی وزیر قانون ضیا الحسن لانجر، ایم پی اے ستار راجپرکو نیب سکھر میں کرپشن انکوائریوں کا سامنا ہے، صوبائی وزیر محمد علی ملکانی، سابق وزیر شرجیل میمن، ایم پی اے دوست محمد، ایم پی اے فقیر داد کھوسواور سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کو نیب کراچی میں کرپشن انکوائریوں کا سامنا ہے۔جب کہ دوسری جانب اعلیٰ افسران سابق چیف سیکریٹری محمد صدیق میمن، سابق آئی جی پولیس غلام حیدر جمالی، سابق چیف سیکریٹری اعجاز چوہدری، سیکریٹری ثاقب سومرو، شازر شمعون، آفتاب میمن، بدر جمیل میندھرو، غلام مصطفیٰ پھل، سابق سیکریٹری لوکل گورنمنٹ علی محمد لونڈ، سیکریٹری علی ڈنو گہوٹی، سابق ایڈ منسٹر یٹر کے ایم سی رئوف اختر فاروقی۔

سابق چیئرمین کراچی ایجوکیشنل بورڈ انور ضیاء، مینجنگ ڈائریکٹر واٹر بورڈہاشم رضا زیدی، ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے منظور قادر کاکا، ڈپٹی کمشنر مہدی شاہ، سہیل ادیب بچانی، ڈی آئی جی ذوالفقار شاہ، ڈی آئی جی سکھر فیروز شاہ، ایس ایس پی ایسٹ کراچی عرفان بلوچ، ایس ایس پی حیدر آباد امجد شیخ، ایس ایس پی کامران نواز، ایس ایس پی پیر فرید سرہندی، ایس ایس پی خالد مصطفیٰ کورائی اور ایس ایس پی فیصل بشیر میمن جو کہ بحیثیت ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ تعینات ہیں، ان کے خلاف بھی کرپشن کے حوالے سے تحقیقات ہورہی ہیں۔

تازہ ترین