• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپانوی کوسٹ گارڈ نے 339تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا

میڈرڈ/ روم (نیوز ڈیسک) سپین کی کوسٹ گارڈ نے مراکش سے7کشتیوں میں سوار ہوکر آبنائے جبل طارق کو پار کرنے کی کوشش کرنے والے339غیر قانونی تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ امدادی کارروائیاں بدھ کے روز کی گئیں۔ ان تارکین وطن کو جبل طارق کے طریف شہر پہنچا دیا گیا ہے، جن میں سے اکثر ذیلی صحارا کے ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

حالیہ کچھ عرصے سے جبل طارق کے اس پار واقع سپین کے2شہر سبتہ اور ملیلہ نے غربت اور جنگوں سے فرار ہوکر یورپ جانے کے خواہش مند افریقی باشندوں کی منزل بن گئے ہیں۔ رواں ماہ ہونے والی جھڑپوں کے دوران300غیر قانونی تارکین وطن میں سے187سیکورٹی فورسز کو جھانسہ دے کر سبتہ پہنچنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک57ہزار تارکین وطن اٹلی پہنچ چکے ہیں، جبکہ2014ء سے لے کر اب تک وہاں پہنچنے والے تارکین وطن کی مجموعی تعداد لگ بھگ6لاکھ ہے۔ یہ تارکین وطن اٹلی میں سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرا رہے ہیں۔

یورپی ملک اٹلی آمد پر تارکین وطن سرحدی پولیس سٹیشن یا پھر صوبائی پولیس سٹیشن میں اپنی سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ اس موقع پر متعلقہ افسران پر یہ لازم ہوتا ہے کہ وہ درخواست گزار تارکین وطن کو ان کے حقوق اور ذمے داریوں سے آگاہ کریں۔ اطالوی سرزمین پر قدم رکھنے کے بعد تارکین وطن کے پاس صرف8دن کی مہلت ہوتی ہے، جس میں انہیں پناہ کی درخواست لازماً جمع کرانی ہوتی ہے۔

تازہ ترین