• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب کیلئے عدالت سب کو قانون کے کٹہرے میں لائے، حافظ ادریس

برمنگھم(پ ر) پاکستان رابطہ کونسل کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کا بعد سپریم کورٹ کے ججزز اوراحتساب کے اداروںکا اصل کام اور امتحان اب شروع ہوگا کرپشن کی فہرست میں صرف میاں نواز شریف کا نام نہیں یہ ایک لمبی لسٹ ہے۔عدالتوں نے اگر دوسرے کرپٹ لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا نہ کیا تو پھر یہی سمجھا جائے گا کہ میاں نواز شریف کو کسی انتقامی کارروئی کا نشانہ بنایاگیا اور یہ انصاف نہیں ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کرپشن کی فہرست میں ابھی 435 کرپٹ لوگ ہیں این، آر، آو کی بھی ایک طویل لسٹ ہے جس پر ابھی کارروائی ہونا باقی ہے عدالتوں نے صفائی کرنی ہے تو کسی کو بھی معاف نہیں کیا جاسکتا جن آئین کی شقوں کے مطابق میاں نواز شریف کو نا اہل قرار دیا ہے اس62/63 کو دوسرے لوگوں پر بھی لاگو کرنا ہو گا قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہئے ۔بیرون ملک جن جن لوگوں نے اقامے لیے ہوئے اور جائیدادیں بنا رکھی ہیں ان کا بھی حساب کیا جائے تاکہ ملک میں سیاسی اور معاشی دہشت گردوں کو اپنے انجام تک پہنچایا جا سکے ۔

حافظ ادریس نے کہا کہ اگلے الیکشن سے پہلے احتساب کا عمل مکمل کیا جائے ورنہ پھر یہی لٹیرے کرپشن کی دولت خرچ کر کے ووٹ کو خرید کر اقتدار میں آجائیں گے اور اس طرح ملک کو بحرانوں سے نجات نہیں مل سکتی صفائی کا کام شروع ہوا ہے اب اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور ملک کو کرپشن سے پاک کیا جائےاس طرح محب وطن صاف اور شفاف جمہوری قیادت سامنے آئے گی اور پاکستان جن مقاصد کے لیے قائم ہوا تھا وہ پورے کرنے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین