• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیرپور، نوجوان کو زیادتی کے بعد زہر دیکر مارنے کا انکشاف

خیرپور (بیورو رپورٹ) روہڑی کے نوجوان امان اللہ ابڑو کو کھوڑا میں زیادتی کا نشانہ بنانے اور  زہر دیکر مارنے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف مارے جانے والے نوجوان کے رشتے داروں غلام شبیر ابڑو، مظہر ابڑو ،نظیر ابڑو،بخت علی ابڑو، سعید ابڑو ،وحید ابڑو ،غلام سرور ابڑو اور دیگر نے پریس کلب خیرپور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرنے کے دوران کیا۔ مظاہرین نے صحافیوں کو بتایا کہ 6روز قبل بعض افراد نے نوجوان امان اللہ ابڑو کو روہڑی سے کھوڑا  بلایا  امان اللہ کے کھوڑ ا پہنچنے کے بعد ملزمان اس کو ایک کوارٹر میں لے گئے جہاں اس کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور اس کو جبری زہر پلانے کے بعد ملزمان زخمی حالت میں چھوڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع پر ہم کھوڑا گئے اور نوجوان کو بے ہوشی کی حالت میں روہڑی لے آئے بعد ازاں نوجوان کو روہڑی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے  بتایا کہ نوجوان کے جسم میں زہر پھیل گیا ہے اس کو سول اسپتال لے جاؤ بعد میں ہم نوجوان کو سول اسپتال لے گئے وہاں بھی ڈاکٹروں نے بتایا کہ نوجوان کی حالت خراب ہےاس کے جسم سے ہنگامی بنیادوں پر زہر نکالنے کے لیے کسی بڑے اسپتال لے جاؤ بعد  میں ہم اس کو ایک نجی اسپتال لے گئے جہاں وہ تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا انہوں نے کہاکہ ملزمان نے بڑا ظلم کیا ہےہمارے نوجوان کو زہر پلا کر اس کی زندگی چھینی ہے اس واقعے میں  بااثر افراد شامل ہیں انہوں نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کرانے اور انصاف مہیا کرنے کا مطالبہ کیا۔

تازہ ترین