• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن دوروں کا آف شور کمپنی کے معاملات سے کوئی تعلق نہیں، جہانگیر ترین

لندن( نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ تین ہفتوں میں لندن کے ان کے دو دوروں کا تعلق ان کے آف شور شیل شائنی ویو لمیٹڈ سے متعلق معاملات نمٹانے کے لئے نہیں، جہانگیر ترین جولائی کے آخر میں لندن آئے تھے اور چار روز قیام کے بعد 3اگست کو پاکستان چلے گئے تھے اب وہ پھر لندن واپس آگئے ہیں وہ چار روز قبل لندن پہنچے تھے۔ پی ٹی آئی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ جہانگیر ترین نے لندن میں وکلا اور اکائونٹنٹس کے ساتھ اپنی آف شورکمپنی کے امور سے متعلق ملاقاتیں کیں، جس کی ملکیت کا اعتراف جہانگیر ترین نے پانامہ سیکنڈل کے سامنے آنے کے بعد کیا تھا۔ اس وقت شائنی ویو لمیٹڈ کا کیس سپریم کورٹ کے پاس ہے، جہانگیر ترین سے کیا گیا ہے کہ وہ منی ٹریل اور پراپرٹیز جو ان کی یا ان کے بچوں کی زیر ملکیت اس آف شور کمپنی کے توسط سے ہیں، جہانگیر ترین نے آف شور کمپنی کی ملکیت کا اعتراف کیا جو ان کے چار بچوں کے نام رجسٹرڈ ہے جو ایک ٹرسٹ پراپرٹی کے اونر ہیں، دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ ان کے لندن کے دوروں کا اس آف شور کمپنی کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے جو اس وقت سپریم کورٹ کے سامنے ہے۔ میں آرام کی غرض سے لندن آیا ہوں جس کی مجھے شدید ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں میں نے زبردست محنت اور کام کیا ہے، میرے دورے کا سپریم کورٹ کیس سے کوئی تعلق نہیں یہ پرائیویٹ دورہ ہے۔ میں چند روز کے لئے زندگی کو بھر پور انجوائے کرنا چاہتا ہوں، جیسا کہ پچھلے دورے میں کیا تھا، میں لندن میں آف شور کمپنی کے انتظامات یا اپنے کیس سے متعلق کسی شخص سے ملاقات کے لئے نہیں آیا۔ میںعدالت کو تمام حقائق اور اعداد وشمار شواہد کے ساتھ فراہم کررہا ہوں، جہانگیر ترین نے لندن اور کینیڈا میں پراپرٹیز کی ملکیت کا اعتراف کیا ہے، لیکن ان کی تفصیلات ابھی تک فراہم نہیں کی ہیں۔ ایک پی ٹی آئی ذریعے نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کی سماعت سے قبل اس کے انتظامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ پراپرٹیز ان کے بچوں کی زیر ملکیت ہیں وہ اب بڑے ہوچکے ہیں اور خود پرائیویٹ طورپر بزنس کرنے کے قابل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہاکہ میں نے کینیڈا میں اپنی پراپرٹی بہت عرصہ قبل فروخت کردی تھی، جبکہ لندن کے تمام بزنسز ڈکلیئرڈ اور ریکارڈ پر ہیں۔ میںنے کوئی چیز نہیں چھپائی ہے، میرے مخالفین مجھ پر الزامات لگارہے ہیں لیکن ان کے پاس دعوئوں کو ثابت کرنے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے پاناما کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دورہ لندن میں شواہد جمع کیے ہیں جو پاکستان میں کورٹس میں مددگار ثابت ہوئے اور مرکزی کردار ادا کیا۔

تازہ ترین