• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاروق حیدرکیخلاف پی پی کا ریفرنس افسوسناک ہے ،برجیس طاہر

  اسلام آباد( نامہ نگار)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان برجیس طاہر نے پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا طرز عمل انتہائی افسوسناک ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر جیسے محب وطن کشمیری اور پاکستانی کیخلاف غداری کےریفرنس نے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی قیادت کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے،انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر کو نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورے پاکستان میں محب وطن اور شفافیت کے حوالے سے جانا جاتا ہے جن کی ساری زندگی کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد میں گزری ہے اور آج بھی وہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی اور پاکستان سے الحاق کی آواز پوری دنیا میں اٹھارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ فاروق حیدر کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ دفاعی،سیاسی اور معاشی لحاظ سے مضبوط پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے انتہائی ضروری ہے،آزادکشمیر کے عوام فاروق حیدر کیخلاف ریفرنس دائر کرنے والوں کی کرپٹ حرکتوں کو ہرگز نہیں بھولے گی،پیپلزپارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور میں آزاد کشمیر میں کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے بازار گرم کیے رکھا اور جس کا بدلہ آزادکشمیر کے عوام نے ان سے 2016ء کے ریاستی انتخابات میں لیا۔ آزاد کشمیر کے عوام راجہ فاروق حیدر کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

تازہ ترین