• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں،پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ حیوانیات کے تحت ہونے والے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں اگر یہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تو نہ صرف اپنی بلکہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ ہمارے نوجوان اپنی صلاحیتوں کی بدولت دنیا بھر میں اپنی قابلیت کا سکہ منوا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ وطن سے محبت کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے کہ ہم سب ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں اور وقت کی پابندی کریں۔دوسروں پر نکتہ چینی سے بہتر ہے کہ اپنی توانائی کو اپنی صلاحیتوں کو بہتر اور اجاگر کرنے میں صرف کریں۔ملک اور ادارے اسی وقت ترقی کریں گے جب سب متحد ہوکر کام کریں گے۔جو طالب علم محنت سے تعلیم حاصل کرے گا وہ جس شعبے میں جائے گا کامیاب ہوگا۔

ہم نصابی سرگرمیوں کے انعقاد سے طلباء کی ذہنی وجسمانی صلاحیتیںپروان چڑہتی ہیں اس طرح ان کی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے اور وہ تعلیم کے میدان میں مزید متحرک ہوجاتے ہیں۔پروگرام میں رجسٹرار ڈاکٹر محمد صارم، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق ،چئرمین شعبہ حیوانیات پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد، اساتذہ اور طلبا ء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروفیسر ڈاکٹرمحمد زاہد نے کہا کہ طلباء و طالبات نے اس پروگرام میں بہت جوش و جذبے سے حصہ لیا، یہی جوش و جذبہ پورے سال تعلیم کے دوران بھی ہونا چاہئے کیونکہ تعلیم اور تحقیق میں اساتذہ اور طلباء کی دلچسپی کسی بھی جامعہ کی ترقی اور پہبچان کا باعث ہوتی ہے۔

جامعہ اردو کے مختلف شعبہ جات میں سیمینارز ، ورک شاپس اور اسطرح کے معلوماتی اور تفریحی پروگرامز منعقد کرانے سے طلباء کو اپنی اہمیت کا احساس ہوتا ہے اور ان میں بہترین منتظم کی خوبی بھی پیدا ہوجاتی ہے۔موجودہ انتظامیہ ہر شعبے کو مختلف پروگراموں کے لئے خصوصی فنڈ ز مہیا کرتی ہے۔

تازہ ترین