• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور ہائیکورٹ ،نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی درخواست پروفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری

لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرانے کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الر شید شیخ نے  بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔  عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع  نہیں کیا جانا چاہیے تھا ؟جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس معاملے کا سپریم کورٹ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

نوازشریف سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس نیب میں پیش نہیں ہو رہے،نواز شریف کے پاسپورٹ پر کئی ممالک کے ویزے لگے ہیں جس کی وجہ سے  یہ خدشہ ہے کہ وہ قانونی کارروائی  سے بچنے کے لئے بیرون ملک چلے جائیں گے۔   پاناما کیس کے علاوہ عدالتوں میں نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب لینے کے علاوہ ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے مقدمات زیر سماعت ہیں ۔ درخواست پر مزید کارروائی 25 اگست کو ہوگی۔

تازہ ترین