• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ گروپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی‘سماعت 27 ستمبر تک ملتوی

Todays Print

اسلام آباد(جنگ نیوز)سپریم کورٹ نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف ، پرنٹر اور رپورٹر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی ، اس معاملے میں جنگ گروپ اپنا جواب گذشتہ سماعت پر ہی عدالت میں جمع کراچکا ہے۔

جنگ گروپ کے پرنٹر میر جاوید رحمان اور رپورٹر احمد نورانی عدالت میں پیش ہوئے ، ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان بیرون ملک ہونے کے سبب عدالت میں پیش نہ ہوسکے ۔ایڈووکیٹ آن ریکارڈ راشد علی نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ کیس سپلیمنٹری لسٹ میں لگا ، اتنی جلدی میں میر شکیل الرحمان سے رابطہ نہیں ہوسکا ، اگرچہ وہ اس سے پہلے بھی معزز عدالت میں پیش ہوچکے ہیں  اور آئندہ بھی معزز عدالت جب طلب کرے گی وہ پیش ہوں گے۔

فاضل عدالت کے پوچھنے پر بتایا گیا کہ اٹارنی جنرل واشنگٹن میں ہیں وہ 21 ستمبر کو آئیں گے ، فاضل عدالت نے اس صورت حال کے پیش نظر سماعت 27 ستمبر تک ملتوی کردی ، سپریم کورٹ کے جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کی ، اس کیس میں جنگ گروپ اپنا  جواب عدالت میں جمع کراچکا ہے کہ خبر جنگ سمیت تمام الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا پر رپورٹ ہوئی ۔

نوٹس صرف جنگ ،دی نیوز کو ملا جبکہ دی نیوز نے خبر بالکل صحیح شائع کی تھی ۔ لہذا تمام میڈیا پر آنے والی خبر کی جانچ کی جائے تاکہ امتیازی سلوک کا تاثر نہ ابھرے ، جنگ گروپ نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں مزید کہا کہ جے آئی ٹی کی دیکھ بھال کے لیے آئی ایس آئی کو احکامات سے متعلق خبر کی تصدیق کی مخلصانہ کوشش میں رپورٹر نے فاضل جج کو فون کیا ، جس کی ماضی میں مثالیں موجود ہیں اور یہ اس لیے کیا گیا تاکہ صحیح صورت حال بتائی جائے۔

جنگ گروپ عدلیہ کی آزادی، عزت، وقار اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد کی وراثت کا امین ہے ۔ نوٹس میں بیان کردہ کوئی اقدام عدالت اور ججوں کے خلاف توہین آمیز نہیں ، جنگ گروپ نے گذشتہ سماعت پر سپریم کورٹ سے نوٹس واپس لینے کی استدعا بھی کی تھی ۔

تازہ ترین