• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری کاغذ دکھاکر لیڈر بن گیا،خواجہ آصف ملک سے پہلے اپنا ذہن صاف کریں،عمران خان

جہلم(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خا ن نے وزیرخارجہ خواجہ آصف کو اقامہ آصف کا لقب دیتے ہوئے کہا کہ وزیرخارجہ کہتے ہیں کہ پہلے اپنے گھر کی صفائی کرنی پڑیگی‘ خواجہ آصف گھرسے پہلے اپنے ذہن کی صفائی کریں کیونکہ گندگی ان کے ذہن میں بھری ہوئی ہے‘جمہوریت میں لیڈرشپ میرٹ پر آتی ہے ، بادشاہت میں لیڈرشپ خاندان کے ذریعے آتی ہے، لیڈرہمیشہ جدوجہد کرکے بنتاہے،پرچی پرلکھ کرنہیں ‘ آصف زرداری کاغذکا ٹکڑا دکھاکر لیڈربن گیا‘ مریم نواز اورچوہدری نثارکا کیا مقابلہ ؟ ، بلاول اور اعتزاز احسن کا کیا مقابلہ؟ ۔

بلاول اور مریم نے زندگی میں کوئی کام نہیں کیا تو وہ لیڈرز کیسے بن سکتے ہیں؟ نواز شریف کا حال ترکی کے آخری سلطان جیساہے جوکہتے ہیں پاکستان سے جو کرنا ہے کرو مگر میرا پیسہ رہنے دو، پاکستان میں طاقتورکےخلاف عدالت فیصلہ کرتی ہے تو وہ کہتاہے مجھے کیوں نکالا؟،شاہد خاقان عباسی وزیراعظم نہیں شریف خاندان کے نوکر ہیں۔جمعرات کو جہلم کے علاقے دینہ میں جلسہ عام سے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کس طرح کہا کہ وہ نواز شریف سے متعلق فیصلہ نہیں مانتے ؟اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ وہ بھی نواز شریف کی طرح عدالتوں اور سپریم کورٹ کو نہیں مانتے آپ ملک کے وزیر اعظم ہو یا نواز شریف کے درباری؟ وزیراعظم نے ملک سے باہر جا کر یہ بیان دیا کہ کابل میں ہونے والے دھماکے میں لوگ پاکستان سے گئے،آپ کو اس حوالے سے پہلے کابینہ میں بتانا چاہیے تھا‘وزیر خارجہ خواجہ آصف کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ملک کاوزیر خارجہ ایسا بیان دے توملک دشمن لوگوں کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہمارے دشمن تو ہمارے ملک کے اندر ہی بیٹھے ہیں‘وزیر اعظم اوروزیر خارجہ بھارت اور افغانستان کی زبان بول رہے ہیں‘ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا حال ترکی کے آخری سلطان جیساہے جس نے کہا تھا کہ کہ ترکی کے دو حصے کردو لیکن میر ی بادشاہت میرے پاس رہنے دو‘ن لیگ اورپی پی میں میرٹ ہوتی تو حالات ایسے نہ ہوتے‘زرداری نے کاغذ کا ٹکرا دکھایا اور کہا کہ مجھے پارٹی وراثت میں مل گئی ہے‘بادشاہت کی وجہ سے مسلمان پیچھے رہے‘ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ایسی ٹیم بنا رہا ہوں جو اپنے لئے نہ کھیلے ملک کے لئے اپنی کارکردگی دکھائے۔

تازہ ترین