• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوگر ملز کی بندش ، کسانوں کی ریلی ،جہانگیر ترین کیخلاف نعرے ،پتلا جلایا

لودھراں،چنی گوٹھ(نمائندہ جنگ) کسان اتحاد کے زیر اہتمام  کسانوں نے  چنی گوٹھ ، جتوئی اور رحیم یار خان میں تین شوگر ملز کی بندش کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا ہےچنی گوٹھ سے لودھراں تک ریلی  نکالی گئی  موٹر وے بلاک کرکے پتلا نذرآتش کیا  گیا تفصیل کے مطابق  چنی گوٹھ ، جتوئی اور رحیم یار خان میں تین شوگر ملز کی بندش کے خلاف چنی گوٹھ سے لودھراں تک سیکڑوں  کاشتکاروں نے احتجاجی ریلی نکالی اورلودھراں میلاد چوک پر پہنچ کرجہانگیر ترین کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ان کا پتلا نذر آتش کیااحتجاجی ریلی اور مظاہرے کی قیادت چوہدری انور علی مرکزی چیئرمین پاکستان کسان اتحاد نے کی احتجاجی ریلی کے مظاہرین کاروں،بسوں،ویگنوں اور موٹر سائیکلوں پرسوار تھے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے  مرکزی چیئرمین چوہدری انور علی نے کہا کہ بہالپور اور رحیم یار خان میں تقریباً 15لاکھ ایکڑگنا کاشت ہے ایک شوگر مل ایک سے دو لاکھ ایکڑ گنا کرش کرسکتی ہے اگر یہ تین ملیں شفٹ ہوگئیں تو کاشتکار بقایا گنے کو کیا کرے کا کیا  اگر یہ شوگر ملیں واپس نہ آئیں بہالپور ڈویژن میں کسان کے گھر اتنی غربت آجائے گی کہ کوئی حکومت بھی اسے سڑکوں پر آنے سے نہیں روک سکے گیاانہوں نے مزید کہا کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے آلہ کار نہیں ہیں بلکہ اپنے بچوں کی جنگ لڑرہے ہیں  اگر شوگر ملوں کو شفٹ کرنا تھا تو کاشت سے پہلے کرتے تاکہ وہ گنا کاشت ہی نہ کرتے جہانگیر ترین کی دو شوگر ملیں ہیں اب وہ اونے پونے داموں پر یہ گنا خریدے گارانا فاروق تحصیل صدر احمد پور شرقیہ ، لیاقت پور کے کاشتکار شاہد ریاض نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ رواں سیزن میں گنا فروخت اور کاشتکاروں کو مکمل ادائیگیوں تک  شوگر ملوں کی منتقلی پر عبوری حکم امتناع دیا جائے   ڈپٹی کمشنر راجہ خرم شہزاد اور ڈی ایس پی شفقت عطا نے چوہدری انور اور کسان اتحاد کے دیگر رہنماؤں سے مذاکرات کئے جس کے بعد موٹر وے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا  گیاکئی گھنٹوں تک روڈ بلاک رہنے سے سٹرک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئی تھیں اس سلسلہ میں ترجمان جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جہانگیر خان ترین نے ہرفورم پر کسانوں کے حقوق کی آواز بلند کی ہے لودھراں سمیت ملک بھر کے کسانوں کے بہتری اور ترقی کے لئے جہانگیر ترین نے ہمیشہ اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے احتجاج کرنے والے کسانوں کی شکل میں ن لیگیوں کا ایک چھوٹا سا مخصوص ٹولا ہے جو نواز شریف اور انکے خاندان کی چوری اور غیر قانونی کاموں کو بچانے کے لئے کام کررہاہے۔ سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ نے شریف برادران کی شوگر ملز کی منتقلی کو غیر قانونی قرار دے کر فیصلہ سنایا ہے۔

تازہ ترین