• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سزا دوگنی کرنے کے باوجود لاکھوں ڈرائیوروں کے موبائل فون استعمال کرنے کا انکشاف

لندن (نیوز ڈیسک)لاکھوں افراد اب بھی ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کررہے ہیں یہ انکشاف ریسرچ سے ہوا ہے۔ آر اے سی کے سروے کے مطابق جرمانہ دوگنا کئے جانے کے باوجود لاکھوں افراد ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کررہے ہیں پہلے جرمانہ 100پونڈ تھا جو دوگنا کردیا گیا ہے۔

پہلے اس جرم پر لائسنس پر تین پوائنٹس دیئے جاتے تھے جو 6پوائنٹس کردیا گیا ہے، سروے میں شامل 1727ڈرائیورس میں 89فیصد ڈرائیوروں نے کہا کہ وہ قانون میں تبدیلی سے آگاہ ہیں جب کہ 26فی صد نے کہا کہ انہیں زیادہ سخت قانون کا علم ہے تاہم ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کا اعتراف بھی کیا۔ ریسرچ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اگر سروے کے نتائج کو 40ملین برطانوی ڈرائیوروں پر منطبق کیا جائے تو اس کا مطلاب یہ ہوگا کہ 9.2 ملین ڈرائیور قانون توڑ رہے ہیں۔ یہ تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے کیونکہ 11فی صد ڈرائیورز نے کہا کہ وہ قانون میں تبدیلی سے بے خبر ہیں۔

آر اے سی روڈ سیفٹی کے ترجمان پیٹ ولیمز نے کہا کہ قانون زیادہ سخت کئے جانے کے باوجود صورتحال خراب ہے اور موبائل فون کا استعمال وبا کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ تبدیلی کو ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے تاہم صورتحال اب بھی خراب ہے۔ ہمیں ڈرائیوروں کو تعلیم دینی ہو گی، احساس دلانا ہوگا کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال نہ صرف غیرقانونی ہے بلکہ توجہ کو متاثر کرکے حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے ریسرچ آر اے سی کی رپورٹ موٹرنگ 2017 کیلئے کی گئی موبائل فون کے استعمال کو ڈرائیوروں کیلئے نمبرون خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ پیٹ ولیمز نے کہا ہے کہ ڈرائیوروں کے موبائل فون کا استعمال معاشرے کیلئے بھی سنگین مسئلہ ہے حکومت، پولیس اور روڈ سیفٹی کی تنظیموں کو اب بھی ایک بڑا کام درپیش ہے جو انہیں موبائل فون کا مسئلہ دور کرنے کیلئے کرنا ہے اس سے نہ صرف ڈرائیوروں بلکہ پورے معاشرے کو تحفظ ملے گا جو آر اے سی روڈ سیفٹی کا نصب العین ہے۔

تازہ ترین