• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم امہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے، چوہدری سرفراز

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) برٹش پاک ویلفیئر فورم یوکے، کے چیئرمین چوہدری محمد سرفراز نے کہا ہے کہ مسلم امہ خصوصاً اہل پاکستان کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ محسوس ہورہا ہے کہ عالم اسلام کی سب سے بڑی ایٹمی قوت کو جو اس وقت ترقی کی منازل طے کررہی ہے، کے خلاف خطرناک سازشیں کی جارہی ہیں، حال ہی میں اقوام متحدہ میں پاکستان کو الگ تھلگ کرنے کی سازشیں عیاں ہورہی ہیں اور ’’بلوچستان‘‘ کے مسئلے کو ابھار کر ملک کیخلاف ہرزہ سرائی کی مذموم منصوبہ بندی ہورہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی سالمیت اور قومی یکجہتی کے سلسلے میں ایک اجلاس کے موقع پر کیا، چوہدری محمد سرفراز نے کہا کہ ہمیں دامن مصطفیٰﷺ تھام کر کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کردہ ملک کے لیے باہمی اتحاد پیدا کرکے عالمی سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے، سماجی رہنما ملٹی کلچر ویلفیئر سوسائٹی کے صدر استاد محمد صفدر نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی سازشوں کے ساتھ اب دوسری اسلام دشمن قوتیں بھی مل گئی ہیں، ہمیں مل کر ان سازشوں کو ناکام بنانا چاہیے، انہوں نے کہا بھارت نے کشمیر میں اور برما نے روہنگیا کے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے، پاکستان کے سیاستدان ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہیں۔ انہوں نے قومی یکجہتی پر زور دیا، کمیونٹی رابطہ سیکرٹری چوہدری اعجاز ملہی نے کہا کہ مسلمانوں اور پاکستانیوں کو فرقہ واریت ختم کرکے باہمی اتحاد قائم کرنا چاہیے۔ چوہدری عبدالقادر نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کی بروقت مدد کرنا چاہیے، ورنہ ہزاروں بچے، خواتین لقمہ اجل بن جائیں گے۔

تازہ ترین