• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی قیادت ،جواں عزم، پاکستان کرکٹ ٹیم ابوظبی پہنچ گئی، آج پریکٹس سیشن ہوگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا سے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کے لئے متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظبی پہنچ گئی۔ 

سرفراز احمد کی نئی پرعزم قیادت میں نوجوان پلیئرز پر مشتمل گرین کیپس اسکواڈ آئی لینڈرز کو زیر کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

طویل عرصے تک پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ کا بوجھ اٹھانے والے سابق کپتان یونس خان اور مصباح الحق کی غیرموجودگی میں بیٹسمینوں کا کڑا امتحان ہوگا۔ پیر کو پاکستانی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔

پاکستان ٹیم میں 16 کھلاڑی اور 9 آفیشلز شامل ہیں۔ سیریز کے موقع پر پی سی بی کی دو ٹیمیں میڈیا کی ذمے داریاں نبھائیں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سوشل میڈیا ڈپارٹمنٹ کے افسر کو متحدہ عرب امارات میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ میڈیا منیجر بناکر بھیجا ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ میں خدمات دینے الے رضا راشد ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کے ساتھ سفر نہیں کریں گے۔ رضا راشد محدود اوورز کی سیریز میں ٹیم کا حصہ بنیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے لئے ٹیم انتظامیہ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ آسٹریلیا کے فزیو شین ہیز کی جگہ ڈاکٹر سہیل سلیم ٹیم کے ساتھ گئے ہیں۔ تین سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے مساجر عمران کو ٹیم کے ساتھ نامزد کیا ہے۔طلعت علی ملک منیجر، شاہد اسلم منیجر آپریشنز، مکی آرتھر ہیڈ کوچ، اسٹیو رکسن فیلڈنگ کوچ، گرانٹ لوڈن ٹرینر اور گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ ہوں گے۔ ٹیم کے ساتھ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے افسر بھی موجود ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 28 ستمبر اور دوسرا 6 اکتوبر سے شروع ہوگا جب کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 23 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 26، 27 اور 29 اکتوبر کو ہوں گے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ تیسرا اور آخری میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین