• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثقلین مشتاق نے بورڈ اور پی ایس ایل ٹیموں کو خدمات پیش کردیں

  کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر میں آف اسپین کے شعبے میں دوسرا سے دھوم مچانے والے ماضی کے عظیم اسپنر ثقلین مشتاق نے پی سی بی اور پی ایل فرنچائز ٹیموں کو اپنی خدمات پیش کردیں، انہوں نے شکوہ کیا ہے کہ دوسرے ممالک میرے تجربے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ملک نے مجھے عزت شہرت دی ، میں پاکستان کی خدمت کرنا چاہتا ہوں لیکن میرے تجربے کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔

پاکستان کی ہر دور میں قوت اسپن بولنگ رہی ہے۔

لیکن بدقسمتی سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے سابق کھلاڑی کی صلاحیتوں سے استفادہ نہ کرکے نقصان اٹھا رہا ہے۔ میرے پاس انگلینڈ میں پرکشش معاہدہ ہے اور پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن میں اپنے اسپنرز کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں۔ ثقلین مشتاق اس وقت انگلش کرکٹ ٹیم کے اسپین بولنگ کنسلٹنٹ ہیں۔انگلش کرکٹ بورڈ نے عظیم آف اسپنر سے دو سالہ معاہدہ کیا ہے۔ ان کے چارج سنبھالنے کے بعد انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ معین علی نے سیریز میں ہیٹ ٹرک کی اور مین آف دی سیریز ایوارڈ حاصل کرتے ہوئے اپنی غیر معمولی کارکردگی کا کریڈٹ ثقلین مشتاق کو دیا تھا۔40سالہ ماسٹر آف اسپنر نے پاکستان کے لئے 49ٹیسٹ میں 208اور169ون ڈے انٹرنیشنل میں288وکٹیں حاصل کی ہیں۔2008میں انگلش کائونٹی سرے کے لئے اپنا آخری فرسٹ کلاس سیزن کھیلنے کے بعد ثقلین مشتا ق کوچنگ کررہے ہیں۔ اتوار کو نمائندہ جنگ کو انٹرویو دیتے ہوئے ثقلین مشتا ق نے کہا کہ میرا انگلش ٹیم کے ساتھ دو سالہ معاہدہ ہے۔ اس دوران سال میں ایک سو دن کوچنگ کے لئے دستیاب ہوں۔ وہ مجھ سے مزید وقت مانگ رہے ہیں لیکن میں نے منع کر رکھا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر اکیڈمی مدثر نذر نے مجھے ایک بار بلواکر سال میں 20،25دن کام کرنے کی آفر کی تھی۔ میں طویل معاہدہ چاہتا تھا جس سے بورڈ نے انکار کردیا تھا۔

تازہ ترین