• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف کاسڑکوں پر آنا نواز شریف کو فائدہ پہنچائے گا،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ عمران خان فوج اور عدلیہ کی حمایت میں سڑکوں پر نکل کر اسٹیبلشمنٹ کا حصہ بننا چاہ رہے ہیں، دوبارہ سڑکوں پر نکلنے سے عمران خان کوا لیکشن میں فائدہ ہوگا، شریف خاندان اس وقت معاشی، مالی اورا خلاقی دباؤ میں ہے ایسے میں پی ٹی آئی کا سڑکوں پر آنا نواز شریف کو فائدہ پہنچائے گا،نواز شریف خود کو اور اپنے بچوں کو حکومت اور سیاست سے الگ بھی کرلیں تب بھی ان کی مشکلات برقرار رہیں گی،شریف خاندان کی مشکلات مستقل ہیں جو نسل در نسل چلیں گی، اس پورے خاندان کو نہ جانے کب تک کرپشن کا بدنما داغ لیے جینا ہوگا، سماعت سے محروم بچوں پر تشدد کرنے والوں کو معاف کرنا ظلم سے بڑا ظلم ہے، اس ملک میں مظلوم معاف کردینے پر مجبور ہیں۔ان خیالات کا اظہار ارشاد بھٹی، مظہر عباس، حسن نثار، امتیاز عالم، حفیظ اللہ نیازی اور شہزاد چوہدری نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میزبان عائشہ بخش کے پہلے سوال عمران خان کا دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کا اعلان، موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی کو کیا حاصل ہوگا؟ کا جواب دیتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ دوبارہ سڑکوں پر نکلنے سے عمران خان کوا لیکشن میں فائدہ ہوگا، اگر سابق وزیراعظم نااہلی کے بعد سڑکوں پر آسکتے ہیں تو عمران خان بھی یہی طریقہ استعمال کریں گے، عمران خان دیگر سیاسی قیادت پر تنقید کیلئے جو زبان استعمال کررہے ہیں اس کا انہیں نقصان ہوگا، عمران خان کی گرفتاری سے میری احسن اقبال سے بات ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ عمر ان خان کی گرفتاری سے ہیڈ لائن قانون پر عمل کرنے کی نہیں اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرنے کی بنے گی، اگر عدالت حکومت کو عمران خان کی گرفتاری کیلئے خصوصی احکامات دے گی تو انہیں گرفتار کرلیں گے۔حسن نثار کا کہنا تھا کہ عمران خان کا دوبارہ سڑکوں پر نکلنے کا اعلان لہو گرم رکھنے کا ایک بہانہ ہے، عمران خان دیگر سیاسی قیادت کیلئے جو زبان استعمال کررہا ہے یہ اسی کے حقدار ہیں۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر اب لوگ سڑکوں پر نہیں نکلیں گے،عمران خان نے زندگی کا بیشتر حصہ سنجیدہ اور مہذب شخص کی حیثیت سے بسر کیا ، لیکن پچھلے چند سالوں سے مختلف عمران سامنے آیا ہے جو لوگوں کو گالیاں دیتا اور ان کا تمسخر اڑاتا نظر آتا ہے، مجھے کئی دفعہ خیال آتا ہے کہ کسی نفسیاتی دباؤ میں کوئی ذہنی خلل تو نہیں آگیا۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اس وقت سڑکوں پر نکلنے کا مشورہ دینے والا ان کا خیر خواہ نہیں ہوسکتا، اگر یہ ان کا اپنا آئیڈیا ہے تو پھر ان سے زیادہ تحریک انصاف کا کوئی دشمن نہیں ہوسکتا، موجودہ حالات میں جب شریف خاندان معاشی، مالی اورا خلاقی دباؤ میں ہے اور ان کیخلاف مقدمات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ایسی صورتحال میں پی ٹی آئی کا سڑکوں پر آنا نواز شریف کو فائدہ پہنچائے گا۔ امتیاز عالم نے کہا کہ عمران خان اپنا بڑا مقصد گو نواز گو حاصل کرنے کے بعد سے خود کو بیروزگار محسوس کررہے ہیں، عمران خان فوج اور عدلیہ کی حمایت میں سڑکوں پر نکل کر اسٹیبلشمنٹ کا حصہ بننا چاہ رہے ہیں، پی ٹی آئی کو اب احتجاج کے بجائے متبادل پروگرام دینا چاہئے۔شہزاد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کو اسلا م آباد میں دھرنا دینے کے بجائے پورے ملک میں مہم چلانی چاہئے۔دوسرے سوال نواز شریف اپنے آپ اور بچوں کو حکومت اور سیاست سے الگ کرتے ہیں تو کیا ان کی مشکلات میں کمی ہوگی؟ کا جواب دیتے ہوئے امتیاز عالم نے کہا کہ نواز شریف کسی مشکل کا شکار نہیں ہیں، مجھے نواز شریف جیسے بڑے لوگوں کی نہیں غریبوں کی مشکلات کی فکر ہے۔حسن نثار نے کہا کہ شریف خاندان کی مشکلات مستقل ہیں جو نسل در نسل چلیں گی، اس پورے خاندان کو نہ جانے کب تک کرپشن کا بدنما داغ لیے جینا ہوگا، اگر شریف خاندان سیاست سے الگ ہوجائے تو شاید خاص طرح کی مشکلات سے ان کی جان چھوٹ جائے ۔شہزاد چوہدری کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی مشکلات میں کمی ہوتی نظر نہیں آتی لیکن اس کی وجہ صرف سیاست نہیں دیگر وجوہات بھی ہیں، ن لیگ میں نواز شریف یا شہباز شریف کے علاوہ کوئی لیڈر پارٹی سنبھال نہیں سکتا ہے، پچاس پچاس کے گروپس ٹوٹ کر کہیں اور جانے کیلئے بیٹھے ہیں۔
تازہ ترین