• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی سلامتی کے مشیر کے مطابق فوج اور سیکورٹی فورسز نے کراچی اور بلوچستان کو علیحدہ کرنے کی سازش ناکام بنا دی ہے پاکستان دشمن کی نگاہوں میں کھٹک رہا ہے اور پابندیاں لگا کر پاکستان کا ایٹمی پروگرام ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔ جہاں تک کراچی اور بلوچستان کو الگ کرنے کا تعلق ہے تو یہ سازش گزشتہ کئی عشروں پر محیط ہے اور اس کا مقصد بھارتی عزائم کی تکمیل اور پاکستان کی سالمیت کے علاوہ ایٹمی پروگرام ختم کر کے پاکستان کی تارپود کو بکھیرنا ہے چنانچہ قیام پاکستان سے پہلے اور تحریک پاکستان کے دوران بھی بعض سندھی رہنمائوں نے سندھ کو الگ کرنے اور قیام پاکستان کی مخالفت کرنے کو اپنا وتیرہ بنا لیا تھا اسی طرح بلوچستان کے بعض قبائلی عمائدین بھی بلوچستان کی علیحدگی کیلئے سرگرم عمل تھے لیکن پاک فوج کی قربانیوں نے اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے دہشت گردی میں خاصی کمی ہوئی ہے پاک فوج وطن عزیز کیلئے سیسہ پلائی دیوار ہے اس نے دفاع وطن کے خلاف عظیم قربانیاں دیکر ہر سازش کو ناکام بنا دیا۔ بدقسمتی سے افغانستان کا طرز عمل بھی معاندانہ ہے پاک چین راہداری منصوبہ بھی دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے اور دشمن بلوچستان اور کراچی کو کاٹ کر پاکستان کو ساحل اور بندرگاہوں سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ بھی افغانستان میں ناکام رہا ہے وہ پاکستان کو ہدف بنانا چاہتا ہے بھارت جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل خلاف ورزی سے پاکستان کیلئے مشکلات پیدا کرنا چاہتا ہے وہ پاکستان کے خلاف فوری جنگ شروع کرنا چاہتا ہے لیکن پاک فوج نے تمام دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیئے ہیں پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے کھڑے ہیں اور دشمن کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔
(کرنل (ر) شبیر احمد)

تازہ ترین