• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندرون سندھ مہلک بیماریوں سے 25 ہزار ایکڑ سے زائد پر ٹماٹر کی فصل تباہ

پنگریو (این این آئی) پنگریو اور زیریں سندھ کے دیگر علاقوں میں ٹماٹر کی فصل پر جھلسا اور پتہ موڑ بیماریوں کے حملے کے باعث 25 ہزار ایکڑ سے زائد پر مشتمل ٹماٹر کی فصل تباہ ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کاشت کار متاثر ہوئے ہیں اور انہیں کروڑوں روپے کانقصان ہوا ہے کاشت کاروں اور زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے اور زرعی بیج تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے موسم سے مطابقت نہ رکھنے والے بیجوں کی تیاری کے باعث اس طرح کی صورتحال پیش آئی ہے ادھر بر اعظم ایشیا بھر میں ٹماٹر کی پیداوار کے حوالے سے مشہور زیریں سندھ میں ٹماٹر کی فصل پر بڑے پیمانے پر ہونے والے مہلک امراض کے حملے کے باعث ٹماٹر کی مقامی اور صوبائی منڈیوں میں سپلائی بری طرح متاثر ہورہی ہے جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی کا امکان بھی کم ہو گیا ہے اس ضمن میں پنگریو،ٹنڈوباگو،شادی لارج،نندو کھوسکی،ستوں میل، سیرانی،کڑیو گہنور،راجو خانانی،کھڈھرو،ڈیئی اور زیریں سندھ کے دیگر علاقوں میں ٹماٹر کی فصل پر جھلسا اور پتہ موڑ نامی مہلک بیماریوں نے 25ہزار ایکڑ سے زائد پر مشتمل ٹماٹر کی فصل تباہ کر دی ہے ان بیماریوں کے باعث پودے سوکھ گئے ہیں اور ٹماٹر ابتدائی مر حلے میں ہی جھڑ رہے ہیں ٹماٹر کے کاشت کاروں اور زرعی ماہرین نے رابطہ کرنے پر بتایا ہے کہ ٹماٹر پر ان امراض کے حملے کی وجہ شدید گرمی اور بیج بنانے والی کمپنیوں کی جانب سے گرمی کی شدت برداشت کرنے والے بیج نہ فراہم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ بیج تیار کرنے والی کمپنیاں ہر علاقے کی الگ زمینی ساخت اورموسم کے مطابق بیج تیار کرنے کے بجائے ایک مخصوص علاقے کے لحاظ سے بیج تیار کرتی ہیں اور یہی بیج پورے ملک میں فراہم کیا جاتا ہے ادھر ان امراض کے باعث ٹماٹروں کی فصل تباہ ہونے سے مقامی اور ملکی منڈیوں میں ٹماٹر کی سپلائی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہے اور زیریں سندھ سے بہت کم تعداد میں ٹماٹر کراچی اور دیگر شہروں کی منڈیوں میں فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ بر اعظم ایشیا کی سب سے بڑی ٹماٹر منڈی بدین میں بھی کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہو کر رہ گئی ہیں۔
تازہ ترین