• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن ریفرنس، ڈار عدالت میں پیش، وکیل غیرحاضر، نوازشریف فیملی کا آج مقدمہ

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، آئی این پی) اثاثہ جات ریفرنس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بدھ کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوگئے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکے بچوں کی آج پیشی ہے،اس موقع پر سیکورٹی کیلئے چیئرمین نیب اور احتساب عدالت نے کمشنر آفس اسلام آباد اور ضلعی انتظامیہ کو درخواست دیدی ہے۔ اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنس کیس میں انکے وکیل غیر حاضری کی وجہ سے سماعت 23؍ اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ نیب پراسیکوٹر کا کہنا تھا کہ ملزم اسحاق ڈار جیل بھیجیں وکیل صفائی خود ہی آجائیں گے۔ عدالت نے نیب کے دونوں گواہاں کو آئندہ سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ بدھ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار چھٹی بار احتساب عدالت میں پیش ہوئے اسحق ڈار وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور قائمہ کمیٹی برائے فنانس کے چیئرمین رانا افضل کے ہمراہ جوڈیشل کمپلکس پہنچے، ساڑھے گیارہ بجے سماعت کا آغاز ہوا تو عدالت کو بتایا گیا کہ اسحاق ڈار کے وکیل خواجہ حارث اچانک بیرون ملک چلے جانے کے باعث پیش نہ ہوئے ہیں۔ بینک پراسیکوٹر اور استغاثہ کے دو گواہ عدالت میں موجود تھے،وکیل صفائی خواجہ حارث کی معاون ایڈووکیٹ مومنہ نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ حارث کو اچانک بیرون ملک جانا پڑا ہے۔ فاضل عدالت گواہوں کا بیان ریکارڈ کرلے جرح خواجہ حارث کے آنے پر کرلی جائیگی۔

جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ قانون کے مطابق بیان ریکارڈ اور جرح ایک ہی دن ہوتی ہے، جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ خواجہ حارث کب تک واپس آئینگے جس پر معاون وکیل صفائی نے بتایا کہ خواجہ حارث بدھ25 اکتوبر تک واپس آجائینگے۔ نیب پراسیکیوٹر نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ حارث کیس کے ساتھ مخلص نہیں ہیں، جس پرجونیئر وکیل صفائی نے کہا کہ یہ کوئی کھیل نہیں ہے۔

تازہ ترین