• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرون حملے میں جماعت الاحرار کے سربراہ عمر خالد خراسانی کی ہلاکت کی تصدیق

کراچی (نیوز ڈیسک) کالعدم ٹی ٹی پی سے منسلک شدت پسند تنظیم جماعت الاحرار نے امریکی ڈرون حملے میں اپنے سربراہ عمر خالد خراسانی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔عمر خراسانی گزشتہ برس سے پاکستان میں کئی مہلک خودکش بم دھماکوں کے منصوبہ ساز تھے۔ دہشت گرد تنظیم کے ترجمان اسد منصور نےغیر ملکی خبررساں ایجنسی کو فون کرکے عمر خالد خراسانی کی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمر خالد خراسانی افغان صوبے پکتیا میں حالیہ امریکی ڈرون حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔انہوں نے کہا کہ ’ڈرون حملے میں عمر خالد خراسانی کے 9 قریبی ساتھی بھی ہلاک ہوئے۔‘اسد منصور کا کہنا تھا کہ تنظیم کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے جماعت الاحرار کی مشاورتی کونسل کا اعلیٰ سطح کا اجلاس جلد ہوگا۔تاہم طالبان کے ایک اہم کمانڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ جماعت الاحرار کے ایک سینئر کمانڈر اسد آفریدی کو پہلے ہی تنظیم کا نیا سربراہ مقرر کیا جاچکا ہے۔
تازہ ترین