• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرسیدنے مسلمانوں میں جدیدتعلیم کےرحجان کوفروغ دیا،مقررین

لاہور(خبر نگار) چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین نے کہا ہے کہ سر سید احمد خان نے تعلیم کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کے حالات میں بہتری لانے کے لئے لازوال کوششیں کیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان سٹڈی سنٹر کے زیر اہتمام الرازی ہال میں سر سید احمد خان کی 200ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ سر سید احمد خان نے مسلمانوں کے موقف کو واضح کرنے کیلئے انقلاب کی وجوہات پر شاندار تحاریر لکھیں ۔ ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں سرسید احمد خان ایک عظیم مصلح اور مفکر تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرسید احمد خان نے مسلمانوں کے حقوق کے لئے مشکل وقت میں آواز بلند کی ،انہوں نے کہا کہ سر سید نے مسلمانوں میں جدید تعلیم کے رحجان کو فروغ دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ نے سر سید احمد خان کی مذہبی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ سر سید احمد خان کے افکار میں بہترین تبدیلیاں رونما ہوئی جس سے مسلمانوں کو رہنمائی ملی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد مگسی نے کہا کہ سرسید احمد خان ایک عظیم سکالر، سماجی مصلح، ماہر تعلیم، سیاستدان، مصنف اور صحافی تھے۔
تازہ ترین