• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف اپنی نہیں عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسد سجاد بٹ

لیڈز (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے نارتھ ویسٹ کے صدر اسد سجاد بٹ نے کہا ہے کہ قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اپنی نہیں بلکہ عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ 2018ء کے الیکشن میں سب سے بڑی عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔ احتساب کے نام پر ایک ہی خاندان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ مخالفین الزام تراشی کے بجائے میدان میں آئیں اور مقابلہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت معاشی اور اقتصادی استحکام کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔ ورثے میں ملنے والے مسائل اور بحرانوں سے جس طرح مسلم لیگ ن نبرد آزما ہوئی ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ عمران خان اور ان کے حواریوں کو پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی۔ اپوزیشن جتنی مرضی سازشیں کرلے، کامیابی پاکستان مسلم لیگ ن کا مقدر بنے گی۔ اسد بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت سچائی کی سیاست کررہی ہے اور موجودہ عوامی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
تازہ ترین